امراوتی ۔ 8 جنوری (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے تروپتی کی مشہور وینکٹیشورا مندر کے اہم دروازے سے درشن کیلئے جاری کئے جانے والے ٹوکن کی تقسیم کے دوران بڑی تعداد میں بھکتوں کے غیر متوقع طور پر آنے کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی۔ اس حادثہ میں 6 بھکتوں کی موت ہو گئی، جن میں تین خواتین شامل ہیں۔ کئی دیگر افراد کو طبیعت خراب ہونے پر فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ بھگدڑ کے یہ واقعات سری نگر، رامانائڈو اسکول، اور ستیہ نارائن پورم میں قائم ٹوکن مراکز پر پیش آئے۔ ویکونتھ ایکادشی کے درشن 10 سے 19 جنوری تک جاری رہیں گے۔ ٹوکن 9 جنوری سے آٹھ مراکز پر صبح 5 بجے سے جاری کیے جا رہے ہیں جو 10، 11 اور 12 تاریخ کے لیے ہیں، اس وجہ سے بھکت بڑی تعداد میں پہلے ہی وہاں پہنچنا شروع ہو گئے، جس کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی۔ کلکٹر وینکٹیشور اور تروپتی دیواستھانم کے ایگزیکٹیو آفیسر شیاملاراؤ اسپتال پہنچے اور طبی خدمات کا جائزہ لیا۔