ترکی، یونان اور قبرص کونہ دھمکائے : یورپی یونین

   

بروسلز : یورپین کمیشن کی صدر نے یورپی یونین کے ممبر ملکوں پر زور دیا کہ وہ بڑی طاقتوں سے معاملہ کرتے ہوئے ناتجربہ کاری کا مظاہرہ نہ کریں۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یورپی کمیشن کی صدر اْرزْولا فان ڈیئر لاین نے ترکی کو خبردار کیا ہے کہ وہ مشرقی بحیرہ روم میں توانائی کے ذخائر کے حوالے سے یونان اور قبرص کو دھمکانے سے باز رہے۔ انہوں نے یورپین پارلیمنٹ کو بتایا کہ ‘ترکی اہم ہمسایہ ہے اور رہے گا۔ اگرچہ نقشے پر ہم قریب ہیں لیکن ہمارے درمیان فاصلہ بڑھتا جارہا ہے‘۔گذشتہ سال بطور یورپی یونین چیف عہدے کا چارج سنبھالنے والی اْرزْولا فان ڈیئر لاین نے بلاک کو مزید جیوپولیٹیکل بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کو سودے بازی میں پھنسنے کے بجائے خارجہ پالیسی کے واضح اور فوری فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔