ابوظہبی : امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید ال نہیان نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے ہنگامی امداد کی فراہمی کے احکامات دیے ہیں۔ سیلاب متاثرین کے لیے 300 ٹن غذائی اشیا کے علاوہ طبی ضرورت کے مطابق ادویات، خیمے اوردیگر ضروری اشیا فراہم کی جائیں گی۔اماراتی امدادی ٹیمیں بھی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستانی این جی اوز کے ساتھ مل کرضرورت مندوں کی مدد کریں گی تاکہ متاثرین کی غذائی اور دیگر ضروریات کو جلد سے جلد پورا کیا جاسکے۔ یاد رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے جمعہ کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی امداد کی درخواست کی ہے۔دوسری طرف ترکیہ نے پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی امدادکیلئے امدادی سامان پرمشتمل طیارہ پاکستان روانہ کرنے کا اعلان کیاہے۔ترکیہ کی وزارت خارجہ کی جانب سے پاکستان میں بارش اورسیلاب سے ہونے والے جانی اورمالی نقصان پرافسوس کااظہارکیاگیاہے۔ ترکیہ نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثر ہونے والے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو ضروری امداد پہنچانے کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں اور انسانی امداد لے جانے والا ایک ترک طیارہ بھیجنے کا منصوبہ بنایاگیاہے۔