ترکیہ زلزلہ متاثرین کیلئے 17 لاکھ مالیتی اسنو شوز کا عطیہ

   

روزنامہ ’سیاست‘ کی اپیل پر ایک ہمدرد ملت کا عطیہ ۔ قونصل خانہ کے گودام تک پہونچا دیا گیا
حیدرآباد۔/23 فروری، ( سیاست نیوز) ترکیہ زلزلہ متاثرین اور مصیبت زدگان کیلئے حیدرآباد سے امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ ترکیہ کے موسم اور حالات کے مطابق سیاست کی اپیل پر ایک اہل خیر و ہمدرد ملت کی جانب سے اسنو شوز کا ذخیرہ فراہم کیا گیا۔ نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب عامر علی خاں کی ہدایت پر سیاست کے نمائندے زاہد فاروقی اور فہیم انصاری نے 17 لاکھ مالیتی اسنو شوز ( جوتوں ) کو ترکیہ قونصل خانہ کے حوالے کیا۔ سیاست ٹیم نے جوتوں کے ذخیرے کو قونصل خانہ گودام میں پہنچایا ۔ زلزلہ متاثرین کیلئے امداد اشیاء اور رقمی شکل کے معاملہ میں گذشتہ ہفتہ قونصل جنرل اورہان یلسمان اوکان نے نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب عامر علی خاں سے گفتگو کی تھی اور حیدرآبادیوں کے تعاون کی سراہنا کی تھی۔ حیدرآبادیوں کی امداد کے سبب ترکیہ قونصل خانہ میں اشیاء کے ذخیرہ کی جگہ نہیں بچی ۔ ترکیہ قونصل نے امدادی اشیاء کی ذخیرہ اندوزی کیلئے ایر پورٹ کے قریب گودام حاصل کیا۔ سیاست ٹیم نے اشیاء کو گودام تک پہنچایا ۔ اسنو شوز ترکیہ کے سرد موسم میں متاثرین کیلئے مددگار ثابت ہوں گے۔ مصیبت زدگان میں ان جوتوں کی تقسیم کو اولین وقت میں عمل میں لانے کا قونصل خانہ نے ارادہ کیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتہ ساست سے 10 لاکھ روپئے کی مالی امداد کا چیک جناب عامر علی خاں نے قونصل جنرل کے حوالے کیا تھا۔ سیاست کی اپیل پر سیاست کے ذریعہ ترکیہ کیلئے اسنو شوز ایک ہمدرد ملت نے فراہم کئے ۔ کشمیر سیلاب متاثرین میں بھی اس طرح کی امداد کو ایک ہمدرد نے سیاست کے ذریعہ پہونچایا تھا۔ آج حوالے کردہ اسنو شوز 17 لاکھ مالیت کے ہیں جو جلد ترکیہ پہنچ جائیں گے۔ ترکیہ قونصل جنرل نے اس موقع پر ’سیاست ‘کا شکریہ ادا کیا ۔ع