ترکیہ: زہریلی شراب سے ہلاکتوں کی تعداد 33 ہوگئی

   

استنبول : ترکیہ کے سب سے بڑے شہر استنبول میں رواں ہفتہ زہریلی شراب پینے سے اب تک 33 افراد موت کے مْنہ میں جا چْکے ہیں جبکہ اڑتالیس دیگر ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ترکی کی سرکاری نیوز ایجنسی انادولو کی ایک تازہ رپورٹ میں زہریلی شراب پینے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 33 بتائی گئی جبکہ بدھ تک اس واقعہ میں مرنے والوں کی تعداد 23 بتائی جا رہی تھی۔ شبہ کیا جا رہا ہے کہ ان اموات کی وجہ نوش کی جانے والی شراب میں میتھانول کی ملاوٹ تھی جو صنعتی سطح پر تیار کی جانے والی الکوحل ہے اور اس الکوحل سے کہیں مختلف ہوتی ہے، جو مشروبات میں موجود ہوتی ہے۔ عام نوش کی جانے والی شراب میں ایتھنول نامی کیمیائی الکوحل موجود ہوتی ہے۔ استنبول شہر کے گورنر کے دفتر سے جمعرات کی شام کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ زہریلی الکوحل والی مشروبات فروخت کرنے کے شبہ میں چار افراد کو ’’جان بوجھ کر قتل کرنے‘‘ کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔