انقرہ : ترکیہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین سے متعلق مسودہ قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کیا ہے۔ وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، جس سے فلسطین کو وسیع تر حقوق اور مراعات کے ساتھ اقوام متحدہ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت ملے گی۔ اس فیصلے نے ایک بار پھر فلسطینی عوام کے اپنی ریاست کے حق اور دو ریاستی حل کے لیے بین الاقوامی برادری کی بھاری اکثریت کی مضبوط حمایت کا مظاہرہ کیا ہے۔ بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیل کی بربریت کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے اور ریاستِ فلسطین کو تسلیم کرے۔ یاد رہے کہ قبل ازیں امریکہ نے فلسطین کی رکنیت کی قرارداد کو ویٹو کردیا تھا جس پر عرب ممالک اور دیگر اسلامی ممالک نے اعتراض کیا تھا اور کہا تھا کہ امریکہ ہمیشہ دوغلی پالیسی کا حامل ملک رہا ہے۔ ایک طرف وہ غزہ کو امداد بھیجتا ہے اور دوسری طرف مخالفت کرتا ہے۔