ترکیہ کو F-16 لڑاکا طیاروں کی فروخت روکنے کی کوشش مسترد

   

واشنگٹن: جمعرات کو امریکی سینیٹ نے ترکی کو F-16لڑاکا طیاروں اور جدت کاری کٹس کی 23 بلین ڈالر کی فروخت کو روکنے کی کوشش ناکام بنا دی جسے ترکیہ کی جانب سے سویڈن کی ناٹو اتحاد میں شمولیت کی منظوری کے بعد صدر بائیڈن کی انتظامیہ نے منظور کرلیا۔ سینیٹ نے ریپبلکن سینیٹر رینڈ پال کی طرف سے پیش کردہ فروخت کی نامنظوری کی قرارداد کے خلاف 79 کے مقابلے میں 13 ووٹ دیئے۔ووٹنگ سے پہلے پال نے ترک حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ فروخت کی اجازت دینے سے اس کی ’’بد سلوکی‘‘ کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ فروخت کے حامی کہتے تھے کہ واشنگٹن کیلئے ناٹو کے اتحادی کے سامنے اپنے الفاظ پر قائم رہنا ضروری تھا۔انقرہ کی جانب سے سویڈن کی ناٹو کی رکنیت کی مکمل توثیق کے ایک دن بعد بائیڈن انتظامیہ نے 26 جنوری کو ترکی کو 40 لاک ہیڈ مارٹن F-16اور تقریباً 80 جدت کاری کٹس کی فروخت کے ساتھ آگے بڑھنے کے ارادے سے کانگریس کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا۔