ترکی اور یونان میں زلزلے کے شدید جھٹکے ،27 افرادہلاک

,

   

شہر ازمیر میں دہشت‘ زلزلے کی شدت 7.0 ریکارڈ کی گئی

انقرہ :ترکی میں زلزلے سے شہر ازمیر اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں 120 سے زیادہ لوگ زخمی ہوگئے ہیں۔ زلزلے کے بعد ساحلی علاقوں میں سمندر کا پانی داخل ہوگیا ہے اور سمندر میں پانی کی سطح بلند ہوگئی۔ اس زلزلہ کے بعد سمندر کے پانی داخل ہونے کو چھوٹی سونامی کہا جا رہا ہے۔ جمعہ کو ترکی میں ایجین ساحل اور یونان کے شمالی جزیرے سیموس میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جس کے باعث کم از کم27 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.0 ریکارڈ کی گئی۔ کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے ۔ زلزلے کا مرکز ازمیر کے قریب بحیرہ ایجیئن میں 16.5 کلومیٹر گہرائی میں تھا، زلزلے کے بعد مختلف علاقوں میں سمندر کا پانی داخل ہوگیا۔میڈیا نے ترک حکام کے حوالے سے بتایا کہ مغربی ترکی کے شہر ازمیر کے علاقے سفری حصار میں 6.6 کی شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ ازمیر جوترکی کا ایک خوبصورت اورچھوٹا سا شہر ہے ، اس میں زلزلہ کے بعد خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ ازمیر کی کئی عمارتوں کو گرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ اس شہر کی ایک جانب سمندر ہے اور سمندر کے اس پار لوگوں کی آبادی ہے جہاں سے لوگ پانی کی کشتیوں کے ذریعہ شہر میں آتے ہیں۔ترکی کے وزیر صحت فاہرتین کوچا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا ہے کہ صوبہ ازمیر میں چار افراد ہلاک اور 120 زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زلزلے کے بعد، صوبہ میں اِس وقت 38 ایمبولینس گاڑیاں، دو ایمبولینس ہیلی کاپٹر اور 35 میڈیکل ریسکیو ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔یورپ کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، زلزلے کے ابتدائی جھٹکوں کی شدت ریکٹر سکیل پر چھ اعشاریہ نو ریکارڈ کی گئی۔ اس کا مرکز یونان کے جزیرے ساموس سے شمال مشرق کی طرف 13کلو میٹر دور اور ترکی کی ساحل سے 32 کلو میٹر دور تھا۔زلزلہ آنے کے ابتدائی گھنٹوں بلکہ دنوں تک مختلف سینٹروں میں ریکارڈ کی جانے والی شدت میں فرق ہوتا ہے اور یہ کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔تاہم بڑے جھٹکے کے بعد، علاقے میں کئی مزید جھٹکے بھی محسوس کئے گئے۔