نئی دہلی: ترکی اور شام میں زلزلوں کے جھٹکوں نے تباہی مچادی ہے ، جس کی شدت 7.8 ماپی گئی۔ دوسری جانب منگل کو بھی ترکی میں ایک بار پھر زلزلہ آیا۔ زلزلہ اتنا شدید تھا کہ یہ گزشتہ صدی کے سب سے بڑے سانحات میں سے ایک بن گیا ہے۔ ترکی اور شام میں زلزلے سے اب تک 4300 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اسی دوران ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی ترکی میں زلزلے سے ہونے والی تباہی کے بارے میں بات کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق، وزیر اعظم نریندر مودی نے بی جے پی پارلیمانی بورڈ میں ترکی سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس دوران وہ ترکی کے بارے میں بات کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے۔ انہوں نے گجرات کے کچھ علاقے میں آئے 2001 کے زلزلے کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بھی ایسے خوفناک منظر کا سامنا کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ہندوستان سے ترکی کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی بات کی ہے۔