ترکی میں ناکام بغاوت کے 5 سال کی تکمیل

   

باغی تنظیم کو بعض ممالک کی سرپرستی، ترکی کے کونسل جنرل ڈاکٹر عدنان کا پیام
حیدرآباد: 13 جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد میں ترکی کے کونسل جنرل ڈاکٹر عدنان التے التینرس نے 15 جولائی 2016ء کو ترکی میں ناکام بغاوت کے 5 سال کی تکمیل پر اپنے پیام میں کہا کہ عسکریت پسند تنظیم نے جمہوری ملک کی حکومت کو بغاوت کے ذریعہ بے دخل کرنے کی کوشش کی لیکن عوام نے اس سازش کو ناکام بنادیا۔ انہوں نے کہا کہ 15 جولائی 2016ء ترکی کی جمہوری تاریخ میں اہم تبدیلی کا آغازہے جس دن فوج میں پھوٹ کے ذریعہ حکومت کے خلاف بغاوت کی کوشش کی گئی۔ بغاوت کے موقع پر تشدد میں 251 افراد کی موت واقع ہوئی اور ہزاروں زخمی ہوئے۔ کونسل جنرل نے کہا کہ دہشت گرد تنظیم FETO کا مقصد ترکی کے دستوری اور جمہوری نظام کو نقصام پہنچانا ہے۔ ترکی میں بغاوت کی کوشش کرنے والے 4820 افراد کو سزاء دی جاچکی ہے جبکہ 3807 افراد کو بری کیا گیا۔ 125678 افراد کو عوامی خدمات سے برطرف کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی نے اپنے حلیف ممالک کے علاوہ امریکہ اور دیگر عالمی اداروں کو ممنوعہ عسکریت پسند تنظیم کی سرگرمیوں سے واقف کرایا ہے۔ بعض یوروپی ممالک اور دیگر ممالک ممنوعہ تنظیم کے ارکان کو پناہ دے رہے ہیں حالانکہ ترکی کی حکومت نے ٹھوس ثبوت پیش کرتے ہوئے انہیں حوالے کرنے کی درخواست کی ہے۔ کونسل جنرل نے کہا کہ ممنوعہ تنظیم ہندوستان بالخصوص حیدرآباد میں اپنی محاذی تنظیموں کے ذریعہ سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔