ترکی کا شمالی قبرص کے دفاع میں ہرممکن اقدام کا اعلان

   

انقرہ /21 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر ترک قبرصیوں کی زندگیوں کے تحفظ اور سلامتی کے لیے ترک فوج اسی طرح کا اقدام کرنے بالکل نہیں ہچکچائے گی جس طرح 45برس قبل کیا۔ شمالی قبرص میں قیام امن کیلئے کیے گئے ترک آپریشن کو 45برس مکمل ہونے پر ترک صدارتی محل سے جاری ہونے والے بیان میں صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ ترکی نے قبرص میں امن آپریشن ترک قبرصیوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کیلئے کیا تھا، جو اب اپنی سرزمین کے مساوی مالک ہیں۔انہوں نے بیان میں مزید کہا کہ آج پوری دنیا ہمارے عزم کو دیکھ رہی ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق ملٹری آپریشن کو 45برس مکمل ہونے کے موقع پر شمالی قبرص میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا،جس میں اعلیٰ ترک عہدے داروں نے شرکت کی، جن میں ترکی کے نائب صدر فواد اقطائی اور ثقافت و سیاحت کے وزیر شامل تھے۔ دوسری جانب شمالی قبرص کے صدر مصطفی اقین جی اور وزیر اعظم ارسین تاتار نے بھی ملکی عہدے داروں کے ساتھ تقریب میں شرکت کی۔ وزیر اعظم کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ شمالی قبرص ترقیاتی کاموں کے ساتھ ملک بھر میں قیام امن کے لیے کوششیں کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں امن اسی وقت قائم ہوسکتا ہے، جب اپنے گھر میں امن کی فضا قائم ہو۔ ترک نائب صدر کا کہنا تھا کہ ترک حکومت اور عوام ا?یندہ بھی شمالی قبرص کی اسی طرح حمایت کرتی رہے گی،جس طرح آج وہ اپنے موقف پر ڈٹی ہوئی ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق تقریبات اسی مقام پر منعقد کی گئیں،جہاں 45برس قبل ترک فوج آپریشن کرنے کیلئے داخل ہوئی تھی۔