انقرہ ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کی جانب سے لیبیا میں فائز السراج کی قیادت میں قائم متنازعہ قومی وفاق حکومت کو اسلحہ اور افرادی قوت کی شکل میں امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ میڈیا ذرائع نے بتایا کہ ترک کمپنیاں فائز السراج کی سربراہی میں قائم لیبیا کی الوفاق حکومت کو بڑی تعداد میں اسلحہ فروخت کرتی ہیں۔ انقرہ نے طرابلس میں نئے تربیتی کیمپ بنائے ہیں اوران کیمپوں میں ترک افواج کے لئے ایک آپریشن روم، ٹریننگ کے لیے آئے ترک فوجی افسران کے لیے ایک رہائش گاہ اور ترک فوج کے ساتھ ایک مکمل رابطہ یونٹ قائم کیے گئے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ ترکی نے لیبیا کی قومی وفاق حکومت کو فضائی دفاعی نظام بھی فراہم کردیا ہے۔ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ترکی کے 400 فوجی انجینیرز نے مانیٹرنگ کے لیے مختلف مقامات پر چوکیاں قائم کی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ لیبیا کی قومی فوج کی طرف سے کسی بھی حملے کا جواب دینے کے لیے لیبیا کو زیادہ مضبوط اور محفوظ بنانے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔العربیہ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ترک انٹلیجنس کے سربراہ ودال ہاکان نے گذشتہ دنوں طرابلس کا خفیہ دورہ کیا تھا۔ ترکی کے جنرل اسٹاف کی نگرانی میں انقرہ سے طرابلس کو اسلحہ منتقل کیا جا رہا ہے۔