انقرہ: ترکی کے صدر رجب طیب اردغان کی تنخواہ میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ ترکی کی پارلیمنٹ میں حکمراں جماعت ’آق‘ کی طرف سے مالی سال 2021ء کا مجوزہ بجٹ پیش کیا ہے جس میں صدر کی تنخواہ میں 88 ہزار لیرہ کا اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ اعداد و شمار ترک صدر کی کل تنخواہ میں 8.3 فی صد اضافہ ہے۔ترک صدر کی تنخواہ اور ان کی مراعات میں اضافے کی تجویز ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صدر طیب اردغان متعدد بار عوام سے موجودہ مالی اور معاشی بحرانوں میں صبر کی تلقین کر چکے ہیں۔
اسلحہ کی دوڑ میں شامل نہیں: تائیوان
تائپی: تائیوان نے کہا ہے کہ وہ چین کے ساتھ مقابلے کے تحت اسلحہ کے حصول کی دوڑ میں شامل نہیں ہو رہا ہے۔ ملکی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ البتہ ان کا ملک قابل بھروسہ جنگی صلاحیتوں کو برقرار رکھنے کی خاطر اسلحہ ضرور خریدے گا۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب تائیوان نے امریکہ سے 1.8 بلین ڈالر اسلحہ ڈیل کو حتمی شکل دی ہے۔ تائیوان کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دینے والے ملک چین نے اس ڈیل پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
