تریپورہ بی جے پی کا موتھا کے ساتھ اتحاد کرنے سے انکار

   

اگرتلہ : تریپورہ آٹونومس ڈسٹرکٹ کونسل (اے ڈی سی) کی قیادت کرنے والی ٹپرا موتھا نے اتوار کو کہا کہ وہ گریٹر ٹپرالینڈ کے اپنے اہم مطالبے پر سمجھوتہ کرکے کسی بھی پارٹی کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی۔اس سے پہلے ، تریپورہ ریاستی بی جے پی کے نائب صدر اشوک سنہا نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ ان کی پارٹی اگلے سال فروری میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے کسی نئی پارٹی کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی۔ سال 2018 میں ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات کے بعد سے بی جے پی قبائل پر مبنی انڈیجینس پیپلز فرنٹ آف تریپورہ (آئی پی ایف ٹی) کے ساتھ اتحاد میں ہے ۔تاہم، آئی پی ایف ٹی پہاڑی علاقوں میں اپنی بنیاد کھو رہی ہے ۔ آئی پی ایف ٹی کے لیڈر اور قبائلی بہبود کے سابق وزیر میور کے آر جماتیہ نے کہا کہ بی جے پی نے انہیں بغیر کیس مداخلت کے اے ڈی سی چلانے دینے کا وعدہ کیاتھا لیکن یہ وعدہ کبھی پورا نہیں ہوا۔مسٹرسنہا نے کہا کہ بی جے پی آئندہ اسمبلی انتخابات میں ٹپرا کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی۔ حال ہی میں پارٹی کی مرکزی قیادت کی موجودگی میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ بی جے پی اکیلے الیکشن لڑے گی۔ تاہم انتخابات کے بعد دہلی کی مرکزی قیادت فیصلہ کرے گی کہ آیا بی جے پی کو کسی دوسری پارٹی کے ساتھ جانے کی ضرورت ہے یا نہیں۔