تریپورہ میں انتخابی نشان ڈھکنے کے الزام میں ایک شخص گرفتار

   

اگر تلہ: تریپورہ پولیس نے اونا کوٹی ضلع کے شریناتھ پور گاؤں کے رہنے والے معین الحق کو گزشتہ 16فروری کو پولنگ کے درمیان الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) پر کانگریس پارٹی اور اس کے امیدوار برجیت سنہا کی تصویر اور انتخابی نشان کو ڈھکنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ53-کیلا شہر اسمبلی حلقہ کے شریناتھ پور گرام پنچایت کے پولنگ اسٹیشن نمبر 26۔پر پولنگ شروع ہونے کے کچھ دیر بعد ای وی ایم میں کانگریس کے انتخابی نشان پر کالا ٹیپ لگا ہو اپایا گیا۔ اس دوران ای وی ایم میں 300سے زیادہ ووٹ ڈالے جاچکے تھے۔
الیکشن حکام نے فورا مشین کو سیل کر دیا اور اسکی جگہ ایک نئی ای وی ایم لگائی۔کانگریس امید وار سنہا نے بوتھ پر دوبارہ ووٹنگ کا مطالبہ کیا، لیکن الیکشن کمیشن نے اسے خارج کر دیااور کہا کہ جیسے ہی ایک ووٹر کے ذریعے پریزائڈنگ آفیسر کے علم میں یہ معاملہ لایا گیا، ای وی ایم کو سیل کر دیا گیا۔ سنہا نے بعد میں الزام لگایا کہ پولنگ بوتھ کے اندر ایسا واقعہ ہونے کے با وجود انتظامیہ کے ذریعے کوئی معاملہ درج نہیں کیا گیا۔ آخر کار متعلقہ پولنگ بوتھ کے پریذائڈنگ آفیسر نے اتوار کو ایرانی تھانے میں معاملہ درج کرایا۔