اگرتلہ: تریپورہ میں 828 طلباء ایچ آئی وی پازیٹیو پائے گئے ہیں جن میں سے 47 فوت ہوچکے ہیں۔ تریپورہ میں ایچ آئی وی پازیٹیو پائے جانے والے بہت سے طلباء نے ملک بھر کے مختلف اداروں میں تعلیم حاصل کرنا چھوڑ دی ہے۔اس معاملہ پر جانکاری دیتے ہوئے سینئر عہدیدار نے کہا کہ ہم نے اب تک 828 طلبہ کو ایچ آئی وی پازیٹیو کے طور پر شناخت کی ہے۔ جن میں سے 47 طلباء خطرناک انفیکشن کی وجہ سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ بہت سے طلباء ملک بھر کے ممتاز اداروں میں اعلیٰ تعلیم کیلئے تریپورہ سے باہر جاچکے ہیں۔درحقیقت تریپورہ ایڈز کنٹرول سوسائٹی نے 220 اسکولوں اور 24 کالجوں اور یونیورسٹیوں میں ایسے طلباء کی نشاندہی کی ہے جو انجکشن کے ذریعہ منشیات لیتے ہیں۔ جس کی وجہ سے ایچ آئی وی ایک دوسرے میں پھیل گیا۔ٹی ایس اے سی ایس کے جوائنٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ طلباء منشیات کا استعمال کر رہے ہیں،نیز جنسی بے راہ روی بھی اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ایچ آئی وی یعنی ہیومن امیونو ڈیفینسی وائرس ایک ایسا وائرس ہے جو جسم کے مدافعتی نظام پر حملہ کرتا ہے اور اسے اتنا کمزور کر دیتا ہے کہ ہمارا جسم کسی دوسرے انفیکشن یا بیماری کو برداشت کرنے کے قابل نہیں رہتا۔
اس کے ساتھ ساتھ ایک بار اس وائرس سے متاثر ہونے کے بعد اگر اس پر بروقت قابو نہ پایا جائے تو یہ ایڈز کی وجہ بن جاتا ہے۔