تعلیمی اداروں میں کورونا کے خوف کی ضرورت نہیں : سبیتا اندرا ریڈی

   

ٹیکہ اندازی پر توجہ دی جائے، ضلع عہدیداروں کیساتھ وزیر تعلیم کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/7 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کورونا کیسس کے بارے میں طلبہ اور سرپرستوں کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ حکومت کی جانب سے اسکولوں میں تمام تر احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عوام کیلئے تشویش کی کوئی بات نہیں ہے۔ اسکولوں اور ہاسٹلس میں صد فیصد کورونا کی دونوں خوراک دیئے جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اساتذہ اور اسٹاف میں ٹیکہ اندازی کی دونوں خوراک مکمل کرنے ضلع عہدیداروں کو ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ٹسٹ، ٹیکہ اندازی اور اومی کرون ویرینٹ کے موضوع پر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا۔ رنگاریڈی ضلع میں ٹیکہ اندازی مہم میں شدت پیدا کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں اور عوامی نمائندوں سے تعاون حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کوویڈ قواعد پر عمل آوری کی ہدایت دی گئی ہے۔ حالیہ دنوں میں اقامتی اسکولوں میں کورونا کے کیسس کا پتہ چلا جس کے پیش نظر حکومت نے تمام اضلاع میں چوکسی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اور ان کے سرپرستوں کو ٹیکہ اندازی پر توجہ دینی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا کی صورتحال باعث تشویش نہیں ہے۔ انہوں نے ضلع پریشد اجلاس میں کورونا اور نئے ویرینٹ کی صورتحال سے نمٹنے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اومی کرون ویرینٹ کے سلسلہ میں محکمہ صحت نے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں ٹیکہ اندازی کی تکمیل کا نشانہ مقرر کرتے ہوئے عہدیداروں کو کام کرنا چاہیئے۔ اجلاس میں موسی ریور ڈیولپمنٹ بورڈ کے صدرنشین سدھیر ریڈی، ضلع پریشد چیرمین ٹی انیتا ریڈی، ارکان اسمبلی کے یادیا، انجیا یادو، کلکٹر اموئے کمار اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ر