متحدہ محبوب نگر کے آبپاشی پراجکٹس کی عنقریب تکمیل، سابق حکومت پر امتیازی سلوک کا الزام
محبوب نگر ۔ 10 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) متحدہ ضلع کے آبپاشی پراجکٹس کو عنقریب مکمل کرلیا جائے گا۔ اگر ایسا ہم نہ کرسکے تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کیا، وہ آج محبوب نگر کے کرومورتی مندر میں پوجا کے بعد بات کررہے تھے۔ ان کے ہمراہ وزیر صحت دامودر راج نرسمہا، وزیر عمارت و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، دیورکدرہ ایم ایل اے جی مدھوسدھن ریڈی، ایم ایل اے محبوب نگر ینم سرینواس ریڈی بھی تھے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تین شعبہ جات تعلیم، صحت روزگار کو کسی بھی صورت میں ترقی کی بلندیوں پر پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے سابق چیف منسٹر کے سی آر پر تنقید کی کہ وہ ضلع محبوب نگر جو نقل مقام (قحط، خشک سالی اور بے روزگاری) کے نام سے مشہور تھا خود مہاجر کے طور پر آئے اور یہاں کی نمائندگی کی۔ دس سال تک ریاست کے چیف منسٹر رہے لیکن کبھی ترقی کا سوچا بھی نہیں، اپنے علاقہ کی ترقی کے لئے فنڈس فراہم کرنے پر توجہ دیتے رہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ علیحدہ تلنگانہ کے قیام کے بعد بھی محبوب نگر ضلع کے ساتھ امتیازی سلوک جاری رکھا گیا لیکن اب محبوب نگر امتیازی سلوک سے دور ہوکر ترقی کے راستہ پر ہے۔ پالمور یونیورسٹی میں انجینئرنگ اور لاء کالجس کے قیام کے لئے منظوری دی جاچکی ہے۔ یہاں کے نوجوانوں کو تعلیم، ہنرمندی کی تربیت اور ان کے روشن مستقبل کی فراہمی کے ساتھ ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ہر گاؤں اور تانڈے میں بی ٹی روڈ کی تعمیر کے لئے منصوبہ تیار کریں۔ چیف منسٹر نے 110 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کی جانے والی (مندر میں) گھاٹ سڑک کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس موقع پر ٹی ایم ایف سی چیرمین عبید اللہ کوتوال، ریاستی پلاننگ کمیشن کے نائب صدر جی چنا ریڈی، میونسپل چیرمین آنند گوڑ، نرسمہا ریڈی، ضلع کلکٹر وجیندرا بوئی، ضلع ایس پی جانکی دیگر قائدین اور کارکنان موجود تھے۔