تعلیم کے معاملے میں بی جے پی کی پالیسی غیرواضح

   

کرناٹک میں ڈرگ مافیا سرگرم ، کوئی کارروائی نہیں ، سابق چیف منسٹر کمارا سوامی کا الزام

گلبرگہ ۔ 11 جنوری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق چیف منسٹر کرناٹک مسٹر کمار سوامی نے کہا کہ بی جے پی حکومت ایک طرف تو یہ کہتی ہے کہ وہ نئی تعلیمی پالیسی مرتب کرے گی اور دوسری جانب وہ سوامیوںکا ایک اجلاس طلب کرتی ہے تاکہ تعلیمی نصاب میں مذہبی مضامین کو شامل کیا جاسکے۔ چنچولی تعلقہ ضلع گلبرگہ کے مختلف دیہاتوں میں عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کمار سوامی نے بی جے پی قائدین سے سوال کیا کہ وہ کورو ہیں یا پانڈو؟ انھوں نے کہا کہ بی جے پی کے قائدین راہول گاندھی کو کورو قرار دے رہے ہیں ۔ پھر انھوں نے کہا کہ ہمیں کورووں اور پانڈوئوں کے بارے میں بعد میں بات کرنے دیجئے ، لیکن اب بی جے پی لیڈروںکو بتانا ہوگا کہ وہ کورو ہیں یا پانڈو ؟۔ جو قائدین اس وقت ریاست کرناٹک اور مرکز پر راج کررہے ہیں انھیں بتانا ہوگا کہ راون راجیہ کو کیسے درست کہا جاسکتا ہے۔ کمار سوامی نے کہا کہ اس وقت ڈرگ مافیہ ( نشیلی ادویات پھیلانے والے لوگ)کئی مدارس کے سامنے فعال بن گئے ہیں ۔ حکومت نے اس پر قابوپانے کے لئے کیا قدم اٹھایا ہے؟ کمار سوامی نے الزام عائد کیا اگرچیکہ پولیس عہدہ داران کو اس معاملہ میں سب کچھ معلوم ہے لیکن وہ کیوں کوئی کاروائی نہیں کررہے ہیں ۔ کمار سوامی نے اپنے دورہ کالگی و چمن چوڑ دیہاتوں کے موقع پر کہا کہ ان علاقوں اور ضلع گلبرگہ کے کسان پودوں کے مرجھانے کی بیماری اور تور دال کی فصلوں کے نقصانات کے سبب تباہ ہوچکے ہیں اور سخت پریشان ہیں ۔ دو دیہاتوں کے چند کسانوں نے فصلوں کی تباہی سے مایوس ہوکر خود کشی بھی کرلی ہے ۔ اس معاملہ میں انھوں نے اسمبلی میں بھی سوالات پیش کئے تھے لیکن حکومت نے اب تک کسانوں کے حق میں کوئی کاروائی نہیں کی ہے اور نہ ہی انھیں معاوضے دینے کا اعلان کیا ہے۔ سابق چیف منسٹر کمار سوامی نے چنچولی کے رائے دہندگان سے اپیل کی کہ وہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں جنتا دل سیکولر کے امیدوار سنجیون یاکا پور کو چنچولی سے منتخب کروائیں ۔ انھوں نے وعدہ کیا کہ اگر وہ پھر سے کرناٹک کے چیف منسٹر بنتے ہیں تو اس صورت میں کسانوں کو خودمکتفی بنانے کی کوشش کریں گے اور ان کی ہر طرح سے مدد کریں گے ۔