تعمیر امکنہ کیلئے تین لاکھ روپئے امداد کی اسکیم کو قطعیت

   


آئندہ سال کے اوائل سے آغاز کا امکان ۔ اسمبلی انتخابات میں فائدہ اٹھانے کی مساعی

حیدرآباد۔21 ۔نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے ذاتی مکان کی تعمیر کیلئے 5لاکھ روپئے امداد کی اسکیم کے اعلان کے بعد سے اس کا انتظا رکیا جا رہاتھا لیکن حکومت نے زیادہ زیادہ افراد تک اسکیم کو پہنچانے کے منصوبہ کے تحت اسے 5لاکھ سے کم کرکے 3لاکھ کرنے کا جاریہ سال مارچ میں اعلان کیا اور اب کہا جا رہا ہے کہ حکومت2023 کے اوائل میں اس اسکیم کو شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ حکومت کی ہدایات کے بعد محکمہ بہبود اور مختلف متعلقہ محکمہ جات اس اسکیم کے نگران محکمہ امکنہ کے ساتھ رہنمایانہ خطوط کی تیاری کا عمل شروع کرچکے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے اعلان سے قبل اس اسکیم کو روشناس کروانے اقدامات کئے جائیں گے اور ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی تقسیم کے دوران پلاٹ رکھنے والوں کو ذاتی مکان کی تعمیر کیلئے 3لاکھ روپئے حکومت سے فراہم کرنے کی اسکیم کو شروع کردیا جائے گا۔ حکومت نے سال گذشتہ اس اسکیم کے متعلق منصوبہ کا انکشاف کیا تھا لیکن اس پر عمل آوری نہیں ہوپائی اور اب اس اسکیم کے تحت رقم کو کم کرنے کے ساتھ رہنمایانہ خطوط و قواعد تیار کئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ ریاست کے تمام حلقہ جات اسمبلی میں ہر حلقہ اسمبلی میں کم از کم 3000 استفادہ کنندگان کی نشاندہی کرکے انہیں 3لاکھ روپئے فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ میں حکومت کی اسکیم پر عمل آوری کیلئے بجٹ کی قلت کے سبب اس کو زیر التواء رکھا گیا تھا اور آئندہ چند ماہ کے دوران اسکیم کے رہنمایانہ خطوط منظر عام پر لاکر اس کا اعلان کیا جائیگا ۔ محکمہ امکنہ کے مطابق اسکیم عوام کیلئے نئے سال کا تحفہ ثابت ہوگی۔ سیاسی مبصرین کے مطابق تلنگانہ میں انتخابات کیلئے اب 10ماہ کا عرصہ باقی ہے اسی لئے ٹی آر ایس عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے ۔ انتخابات سے قبل امکنہ کی تعمیر کی اسکیم کے ذریعہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ پارٹی قائدین کے مطابق آسرا پنشن کے علاوہ دلت بندھو اسکیم سے جس طرح سے ٹی آر ایس کو فائدہ ہوا ہے اسی طرح ذاتی مکانات کی تعمیر کیلئے 3لاکھ روپئے کی امداد کی فراہمی کی اسکیم سے فائدہ ہوگا۔م