تعمیر ملت کا 73 واں یوم رحمتہ للعالمین ﷺ

   

اسپورٹس کے مقابلوں کی افتتاحی تقریب، بارش کے باوجود طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی

حیدرا?باد۔ 29 سپٹمبر( پریس نوٹ) کل ہند مجلس تعمیر ملت کی جانب سے اہتمام کردہ73 ویں یوم رحمتہ للعالمین ﷺ کے ضمن میں منعقد کئے جانے والے کھیل کود کے مقابلوں کے لئے ریڈ ہلز پلے گراؤنڈ میں افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں مختلف اسکولس کے طلباء نے شرکت کی۔ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے تعاون سے کل ہند تعمیر ملت کے زیر اہتمام اس سال سات اسپورٹس کے مقابلے منعقد کئے جا رہے ہیں۔ ان مقابلوں کا انعقاد یکم اکتوبر سے سات اکتوبر تک شہر حیدرآباد کے مختلف میدانوں میں کیا جا رہا ہے۔ جس میں توقع ہے کہ سات ہزار طلبہ و نوجوان حصہ لیں گے۔ ان مقابلوں کی افتتاحی تقریب میں بنگلورو سے تعلق رکھنے والے معروف سرجن و دانشور اور شفاء ہاسپٹل کے چیئر مین ڈاکٹر مشتاق احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اسپورٹس کے مقابلوں میں شرکت کرنے والے طلباء و نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس کے ذریعے انسان میں نہ صرف مقابلے کی اسپرٹ بلکہ جیت کے ساتھ ساتھ ہار کو قبول کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ جناب محمد ضیاء الدین نیر صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت نے اس موقع پر کہا کہ نوجوان پڑھنے لکھنے کے ساتھ ہی ساتھ کھیل کود اور صحت کا بھی خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک عرصہ تک تعمیر ملت کی جانب سے یوم رحمتہ للعالمین تقاریب میں کھیل کود کے مقابلے بھی منعقد کئے جاتے تھے۔یوم رحمتہ للعالمین تقاریب کی استقبالیہ کمیٹی کے لئے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے چیر مین محمد لطیف خان کو صدر بنایا گیا ہے۔ محمد ضیاء الدین نیر نے کہا کہ محمد لطیف کے مشورہ پر اس سال نہ صرف کھیل کود بلکہ ٹیکنالوجی کے مقابلے بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر ایم ایس کے چیئر مین محمد لطیف خان نے طلبہ کی ہمت افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہارنے پر مایوس نہ ہوں۔بارش کے باوجود افتتاحی تقریب میں حصہ لینے پر انہوں نے طلبہ کے جذبہ کو سراہا۔یوم رحمتہ اللعالمین اسپورٹس مقابلوں کی افتتاحی تقریب میں تعمیر ملت کے جنرل سکریٹری عمر احمد شفیق نے بھی شرکت کی اور ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے منیجنگ ڈائریکٹر انور احمد نے افتتاحی تقریب میں شریک طلباء اور ان کے انچارج اساتذہ کا استقبال کیا۔ جبکہ استقبالیہ کمیٹی کے سکرٹری محمد سیف الرحیم قریشی نے کھیل کود کے مقابلوں کے آغاز کا باضابطہ آغاز کا اعلان کیا۔ یہ مقابلے یکم تا 7 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔ فٹ بال ، کرکٹ، والی بال، شوٹنگ ،کراٹے ،آرم ریسلنگ ان مقابلوں میں کامیاب کھلاڑیوں اور ٹیمز کو حیدرآباد میں 12 ربیع الاول کو منعقدہ جلسہ یوم رحمتہ اللعالمین میں انعامات اور انعامی رقم سے نوازا جائے گا۔