اردو کے تحفظ و فروغ کی اسکیمات، شادی خانوں پر 46.60 کروڑ کا خرچ، مسابقتی امتحانات کی اردو میں کتابیں
حیدرآباد۔/23 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اردو اکیڈیمی کے ذریعہ اردو زبان کی ترقی و فروغ کیلئے گذشتہ آٹھ برسوں میں76.38 کروڑ بجٹ جاری کیا اور استفادہ کنندگان کی تعداد 30812 ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے اردو اکیڈیمی کی آٹھ سالہ کارکردگی پر جاری کردہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 152 شادی خانوں کی تعمیر کیلئے 46.60 کروڑ روپئے مختص کئے گئے۔ اردو اکیڈیمی سے مسابقتی امتحانات کیلئے اردو زبان میں نصابی کتب کی اشاعت عمل میں لائی گئی۔ حکومت کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں تلنگانہ حکومت اقلیتوں کی بھلائی اور ترقی کیلئے مناسب بجٹ جاری کررہی ہے۔ سابق میں اقلیتی بہبود کیلئے ناکافی بجٹ تھا اور تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد گنگا جمنی تہذیب کے فروغ کے علاوہ اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کیلئے اقامتی اسکولس کا قیام، غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کیلئے شادی مبارک امدادی اسکیم کے علاوہ اردو زبان کی ترقی کیلئے اقدامات کئے گئے ۔ اردو اکیڈیمی کے ذریعہ سمینار اور مشاعروں کے انعقاد کے علاوہ مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ اردو زبان کے شعراء، ادیبوں کی تصانیف پر امداد فراہم کی جاتی ہے۔ اردو اکیڈیمی کی اسکیمات پر 2014-15 سے جاریہ مالی سال تک 76.34 کروڑ مختص کئے گئے اور استفادہ کنندگان کی تعداد 30812 ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2014-15 سے 2022-23 تک مختلف پروگراموں کیلئے 52.65 کروڑ مختص کئے گئے اور 152 پروگراموں کے انعقاد میں تعاون کیا گیا۔ اردو میڈیم طلبہ کیلئے یو جی سی سے منظورہ مثالی کتب کی اشاعت عمل میں لائی گئی۔ اکیڈیمی نے مختلف موضوعات کی 9 ہزار کتابوں کو تیار کیا ہے۔ اردو میڈیم میں مسابقتی امتحانات میں حصہ لینے والے طلبہ کیلئے اردو میں کرنٹ افیرس، جنرل نالج، سائینس اینڈ ٹکنالوجی، تلنگانہ حکومت کی اسکیمات، انڈین جغرافی، تلنگانہ جغرافی، دستور ہند، سوشیل فزیکل ڈیولپمنٹ آف انڈیا اور دیگر امور پر 3 ضخیم کتابیں شائع کی گئیں۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ گروپ امتحانات میں حصہ لینے والے 1000 امیدواروں میں یہ کتابیں مفت تقسیم کی گئی ہیں۔ اردو ڈکشنری، دروس اردو، شوکت عثمانیہ جیسی تاریخی کتابیں شائع کی گئیں۔ آن لائن موڈ میں اردو زبان سکھانے کیلئے کراش کورس شروع کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سدی پیٹ کے دوباک منڈل میں اردو گھر شادی خانہ کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ مختص کئے گئے تھے اور دو مرحلوں میں مکمل رقم جاری کردی گئی اور تعمیری کام 80 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ونپرتی ٹاؤن میں 2 کروڑ کی لاگت سے اردو گھر شادی خانہ کی تعمیر کا کام 75 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ میدک ٹاؤن میں 2 کروڑ کے خرچ سے اردو گھر شاخانہ کی تعمیر کا کام جاری ہے اور تاحال 75 فیصد کام مکمل ہوگیا۔ رنگاریڈی ضلع کے آمنگل میں 10 لاکھ روپئے کے خرچ سے اردو گھر شادی خانہ کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ر