تلنگانہ اسمبلی اور کونسل کے مانسون سیشن کا کل سے آغاز

   

اسپیکر اسمبلی اور صدرنشین کونسل نے جائزہ اجلاس منعقد کیا، تلگو، اردو اور انگریزی میں تفصیلات فراہم کرنے عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔یکم؍اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور کونسل کا مانسون سیشن 3 اگسٹ سے شروع ہورہا ہے۔ اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی اور صدرنشین قانون ساز کونسل کے سکھیندر ریڈی نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مانسون سیشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اسپیکر اسمبلی اور صدرنشین کونسل نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اسمبلی اور کونسل میں ہر مسئلہ پر سیر حاصل مباحث میں تعاون کریں۔ اسپیکر اور صدرنشین نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ سیشن کے انتظامات پر تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ ارکان کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جتنا جلد ممکن ہوسکے جواب دیا جائے۔ انہوں نے گذشتہ سیشن کے زیر التواء سوالات کے جوابات فوری روانہ کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ عہدیداروں سے کہا گیا کہ ایجنڈوں اور دیگر تفصیلات تلگو، اردو اور انگلش میں ارکان کو فراہم کی جائیں تاکہ ہر زبان کے جاننے والوں کو سہولت ہو۔ اجلاس کے ایام کے دوران اعلیٰ عہدیداروں کو اسمبلی میں دستیاب رہنے اور ہر محکمہ کی جانب سے ایک نوڈل آفیسر کے تقرر کی اسپیکر نے ہدایت دی۔ پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ اسمبلی کے انعقاد کے موقع پر پُرامن ماحول کی برقراری کو یقینی بنایا جائے۔ صدرنشین کونسل سکھیندر ریڈی نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ ارکان کونسل سے متعلق اضلاع میں پروٹوکول کے مسائل کو حل کیا جائے اور پروٹوکول کی خلاف ورزی نہ ہونے پائے۔ وزیر امور مقننہ پرشانت ریڈی نے عہدیداروں سے کہا کہ ارکان کی جانب سے طلب کردہ معلومات اور سوالات کے جوابات میں مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں۔ اسمبلی کے سکریٹری کو مشورہ دیا گیا کہ وہ عہدیداروں پر مشتمل واٹس ایپ گروپ تشکیل دیں۔ پرشانت ریڈی نے سابق اصولوں کے مطابق پروٹوکول بک کی جگہ اسپیکر اور صدرنشین کی ہدایات کے ساتھ نئی پروٹوکول بک جاری کرنے کا مشورہ دیا۔ ٹریفک پولیس کے عہدیداروں سے کہا گیا کہ وہ ارکان اسمبلی و کونسل کو بروقت ایوان میں پہنچنے کیلئے ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنائیں اور ٹریفک جام سے بہتر طور پر نمٹیں۔ اجلاس میں گورنمنٹ چیف وہپ ونئے بھاسکر، بھانو پرساد راؤ، چیف سکریٹری شانتی کماری، ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار، اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار، سکریٹری جی اے ڈی سیشادری، پرنسپل سکریٹری ہوم جتیندر، حیدرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند، کمشنر پولیس راچہ کنڈہ ڈی ایس چوہان، کمشنر سائبرآباد اسٹیفن رویندرا اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسپیکر نے اسمبلی کے احاطہ میں تنصیب کی گئی دو لیفٹس کا افتتاح کیا۔ پوچارم سرینواس ریڈی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ اجلاسوں کی طرح عہدیداروں کو بہتر طور پر خدمات انجام دینا چاہیئے۔ تلنگانہ اسمبلی کی کارروائی ملک میں اپنی نوعیت کی مثالی ہے۔ نئی دہلی میں بھی تلنگانہ اسمبلی کی کارکردگی کی ستائش کی جاتی ہے۔