اسمبلی کی میعاد کا آخری سیشن ہنگامہ خیز ہونے کا امکان، بی آر ایس اور اپوزیشن کی حکمت عملی طئے
حیدرآباد۔/2اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور کونسل کا مانسون سیشن 3 اگسٹ سے شروع ہوگا۔ دونوں ایوانوں کا اجلاس صبح 11:30 بجے طلب کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ اجلاس ایک ہفتہ تک جاری رہے گا۔ اجلاس کے پہلے دن بزنس اڈوائزری کمیٹی ایام کار کا تعین کرے گی۔ اسمبلی کا یہ آخری اجلاس ہوسکتا ہے کیونکہ اسمبلی کی میعاد کے اختتام سے قبل مانسون سیشن طلب کیا گیا اور نومبر میں انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کا امکان ہے۔ اسمبلی کا یہ آخری سیشن ہنگامہ خیز ہوسکتا ہے کیونکہ بی آر ایس، کانگریس اور بی جے پی انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے عوامی مسائل کو شدت کے ساتھ پیش کریں گے اور حکومت اپوزیشن کے حملہ کا موثر جواب دینے کی تیاری کررہی ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے سیلاب کی صورتحال، جانی و مالی نقصانات، فصلوں کی تباہی، دھرانی پورٹل کی خامیاں، پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرچوں کا افشا، ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر اور انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل جیسے مسائل پیش کئے جاسکتے ہیں۔ برسراقتدار پارٹی نے گذشتہ 9 برسوں میں اپنے کارناموں کی فہرست تیار کی ہے جسے ایوان میں پیش کیا جائے گا۔ ریاستی کابینہ میں گورنر کی جانب سے واپس کئے گئے بلز کو دوبارہ منظور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ گورنر کے پاس کلیرنس کے علاوہ کوئی راستہ نہ رہے۔ جن بلز کو دوبارہ منظوری دی جائے گی ان میں خانگی یونیورسٹیز ترمیمی بل، تلنگانہ میونسپل لاء، کوآپشن ممبر بل اور تلنگانہ پبلک ایمپلائمنٹ ترمیمی بل شامل ہیں جس کے تحت میڈیکل پروفیسرس کی سبکدوشی کی عمر 65 سال کرنے کا امکان ہے۔ اعظم آباد انڈسٹریل ایریا بل بھی ایوان میں منظور کیا جاسکتا ہے۔ دستور کے مطابق دوسری مرتبہ اسمبلی میں منظور کردہ بلز کو کلیرنس دینا گورنر کی ذمہ داری ہوتی ہے۔چیف منسٹر بعض نئی اسکیمات کا اعلان کرسکتے ہیں۔ برسراقتدار بی آر ایس کے علاوہ اپوزیشن کانگریس اور بی جے پی نے سیشن کے دوران اپنی حکمت عملی کو قطعیت دے دی ہے۔ عددی طاقت کے اعتبار سے کانگریس اور بی جے پی کا موقف کمزور ہے۔
