تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی ، عازمین حج کیلئے انتظامات میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی

   

حیدرآباد /21 اپریل ( پریس نوٹ ) تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی عازمین حج کے انتظامات میں کسی قسم کی کوئی کسر نہیں چھوڑے گی ۔ عازمین حج کو تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے ہر قسم کی سہولتیں فراہم کرے گی ۔ تلنگانہ اسٹیٹ حج کے ذریعہ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ حج ہاوز نامپلی سے 11 ہزار سے زائد عازمین حج ، حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے حج روانہ ہوں گے ۔ حج کمیٹی کی جانب اضلاع اور دیگر ریاستوں کے عازمین حج کو غذا اور رہائش کی سہولتیں فراہم کرتی ہے ۔ عازمین حج اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھیں۔ انشاء اللہ عنقریب عازمین حج کو صحت مندی کیلئے ٹیکہ اندازی کی جائے گی ۔ حضور ﷺ کا ارشاد مبارک ہے ۔ جو شخص حج کی سعادت حاصل کرتا ہے ۔ اللہ تعالی اس کی مغفرت فرما دیتے ہیں ۔ عازمین حج کی دوسروں کیلئے دعاء کرتے ہیں۔ ان کی بھی مغفرت ہوجاتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی اتوار 21 اپریل کو تبلیغی جماعت مرکز مسجد شاہین نگر میں عازمین حج کے نویں تربیتی اجتماع سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جناب محمد لئیق رکن تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے عازمین حج کا خیر مقدم کیا ۔ مولانا شیخ مبشر مدنی نے مناسک حج و عمرہ ، حافظ مولانا عبدالرشید طلحہ نعمانی نے ’’ آداب زیارت مدینہ ‘‘ پر تفصیلی روشنی ڈالی اور عازمین حج کو ضروری نصیحت کی ۔جناب محمد نور الدین ( انچارج ایڈمین سیکشن ) ملازم تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی و جناب محمد آصف حسین خادم الحجاج نے تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے ٹیلی گرام چیانل اور حج کمیٹی آفس انڈیا کے حج سویدھا موبائل ایپ سے متعلق معلومات فراہم کیں۔