تلنگانہ انتخابات میں کانگریس کی تائید ‘ پارٹی سکیولر اقدار کی پاسبان

   

بی آر ایس حکومت میں مسلمانوں سے مسلسل نا انصافیاں ‘ مشتاق ملک کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔14اکتوبر(سیاست نیوز) تحریک مسلم شبان کے صدر محمد مشتاق ملک نے تلنگانہ انتخابات میںکانگریس کی تائید کااعلان کیا اور واضح کیا کہ موجودہ کانگریس سکیولر اقدار کی پاسبانی کررہی ہے ۔ کانگریس قیادت ملک میںآپسی بھائی چارہ کے فروغ اور امن وسلامتی کو بحال کرنے محنت کررہی ہے ۔ محمد مشتاق ملک نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں اعلان کیاکہ تحریک مسلم شبان اسمبلی حلقہ بودھن‘ یاقوت پورہ‘ بہادر پورہ اور چارمینار میں کانگریس امیدواروں کی حمایت نہیںکریگی جبکہ گوشہ محل اسمبلی حلقہ میں جو بھی شاتم رسولؐ کو شکست فاش کرنے کا اہل ہے اس کی تائید کی جائیگی۔ محمد مشتاق ملک نے گذشتہ 9 برس میںمسلمانوں سے ناانصافیوں کی فہرست بیان کی اور کہاکہ بی آر ایس اور اس کی قیادت نے مسلمانوں کے ساتھ سوائے کھلواڑ کے کچھ نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آلیر انکاونٹر سے عنبر پیٹ مسجد کی شہادت تک بی آر ایس کی مسلمانوں سے انصافیوں کی وجہ سے آج ہم بی آر ایس کی شدت کے ساتھ مخالفت کررہے ہیں ۔ تلنگانہ عوام بالخصوص مسلمانوں اورامن پسند شہریوں سے اپیل ہے کہ تلنگانہ میں کانگریس کو اقتدار سونپیں تاکہ تلنگانہ کو مزید تباہ ہونے سے بچایاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ سکریٹریٹ کی دو مساجد کی شہادت کے وقت بھی مسلمانوں سے جھوٹ بولا گیا اور تلنگانہ میںمسلمانوں کی ٹھکیدار خاموش تماشائی بنے رہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں سے حکومتی ناانصافیوں کے خلاف تحریک مسلم شبان نے ہمیشہ صدائے احتجاج بلند کیا اور مستقبل میں بھی کیاجائے گا۔محمد مشتاق ملک نے کہاکہ مادھو یادو نامی بی آر ایس لیڈر کی درندگی کا شکار مسلم نابالغ لڑکی کے ساتھ انصاف کا وعدہ کیاگیاتھا مگر آج تک اس مسلم لڑکی سے انصاف نہیں کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ ڈبل بیڈ روم مکان دینے کاوعدہ کیاگیا جو وفا نہیںہوا حالانکہ دیگر طبقات کے عصمت ریزی متاثرین کو حکومت نہ صرف ڈبل بیڈروم مکان فراہم کرنے میں عجلت کرتی ہے بلکہ معاوضہ کی رقم بھی کردی جاتی ہے ۔ انہو ںنے کہاکہ تلنگانہ پبلک سروس کمیشن میں مسلم نمائندگی نہیںہے‘ ریاست کے گیارہ یونیورسٹیوں میںایک بھی مسلم وائس چانسلر نہیںہے۔ صدر شبان نے کہاکہ متعدد دور کی بات چیت اور تحریک مسلم شبان کے 13 مطالبات پر مشتمل چارٹر پر رضامندی کے بعد ہم نے کانگریس کی تائیدوحمایت کا اعلان کیاہے اور جن حلقوں پر ہم کانگریس کی تائید نہیںکررہے ہیں اس کے متعلق آئندہ دنوں میںوضاحت کی جائے گی ۔ مسلم شبان کے ذمہ داران اورکارکنان مسلم علاقوں میں مسلمانوں سے کانگریس کے حق میں ووٹ کی اپیل کریں گے ۔ انہوں نے بودھن حلقہ سے بی آر ایس امیدوارشکیل عامر کی تائید کا اعلان کیا اور عوام سے شکیل عامر کے حق میںاپنے ووٹ کے استعمال کی اپیل بھی کی ہے ۔