تلنگانہ انچارج میناکشی نٹراجن کی اتوار کو آمد

   

پردیش کانگریس کا توسیعی اجلاس، پارٹی اور حکومت کے درمیان بہتر تال میل کی مساعی
حیدرآباد 20 فبروری (سیاست نیوز) کل ہند کانگریس سے مقرر کردہ تلنگانہ کی نئی انچارج میناکشی نٹراجن 23 فبروری کو حیدرآباد پہونچیں گی۔ اُنھوں نے پردیش کانگریس توسیعی اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ کیا تاکہ وزراء اور عوامی نمائندوں و سینئر قائدین سے تعارف ہوسکے۔ ہائی کمان نے حکومت و پارٹی میں بہتر تال میل کیلئے میناکشی نٹراجن کو تلنگانہ کا انچارج مقرر کیا ہے۔ حالیہ عرصہ میں بعض ارکان اسمبلی کی ناراضگی کو دیکھتے ہوئے میناکشی نٹراجن کو ذمہ داری دی گئی کہ وہ حکومت و عوامی نمائندوں میں اشتراک یقینی بنائیں۔ پردیش کانگریس کے توسیعی اجلاس کی صدارت صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کریں گے۔ اجلاس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، اے آئی سی سی سکریٹریز وشنو ناتھ، وشواناتھن وزراء، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی و کونسل، ضلع کانگریس صدور، پولیٹیکل افیرس کمیٹی ارکان، نائب صدور، جنرل سکریٹریز ، محاذی تنظیموں کے صدورنشین، کارپوریشنوں کے صدورنشین، اسمبلی حلقہ جات کے انچارجس اور اسمبلی و لوک سبھا کے کانگریس امیدوار شرکت کریں گے۔ اجلاس میں ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور مجالس مقامی کے مجوزہ انتخابات پر غور ہوگا۔ 1