تلنگانہ اور آندھرا میں کونسل کی 8 نشستوں کیلئے انتخابی اعلامیہ

   

5 مارچ تک پرچہ جات نامزدگی کا ادخال، 22 مارچ کو رائے دہی
حیدرآباد۔ 25 فروری (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تلنگانہ اور آندھراپردیش میں قانون ساز کونسل کی 8 نشستوں پر انتخابات کے لیے اعلامیہ جاری کیا ہے۔ یہ نشستیں گریجویٹ، ٹیچرس اور مجالس مقامی زمرے کی ہیں۔ تلنگانہ میں ٹیچرس زمرے کی دو اور گریجویٹ اور مجالس مقامی کی ایک ایک نشست کے لیے انتخابی پروگرام کا اعلان کیا گیا۔ جبکہ آندھراپردیش میں گریجویٹ زمرے کی دو اور ٹیچرس زمرے کی ایک نشست شامل ہے۔ اس کے علاوہ مجالس مقامی زمرے میں ڈاکٹر این وی وی ایس مورتی کے انتقال سے مجالس مقامی زمرے کی مخلوعہ نشست پر بھی الیکشن ہوگا۔ صدرنشین قانون ساز کونسل سوامی گوڑ میدک، نظام آباد، عادل آباد اور کریم نگر گریجویٹ حلقے سے منتخب ہوئے تھے جن کی میعاد 29 مارچ ختم ہورہی ہے۔ اس کے علاوہ ٹیچرس زمرے میں پی سدھاکر ریڈی (میدک، نظام آباد، عادل آباد کریم نگر) اور ای رویندر (ورنگل، کھمم اور نلگنڈہ) ٹیچرس زمروں کے تحت منتخب ہوئے تھے جن کی میعاد 29 مارچ کو ختم ہوگی۔ حیدرآباد مجالس مقامی کے تحت ایم ایس پربھاکر رائو کی میعاد یکم مئی کوختم ہوگی۔ آندھراپردیش میں جن ارکان کی میعاد 29 مارچ کو ختم ہورہی ہے ان میں کے روی کرن ورما، بی ناگیشور رائو، جی سرینواسلو نائیڈو شامل ہیں۔ پرچہ نامزدگی 5 مارچ تک داخل کیئے جاسکتے ہیں اور 6 مارچ کو پرچہ جات کی جانچ ہوگی۔ 8 مارچ تک پرچہ جات واپس لیے جاسکتے ہیں۔ رائے دہی 22 مارچ صبح 8 تا 4 بجے دن ہوگی اور 26 مارچ کو رائے شماری ہوگی۔ انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی انتخابی ضابطہ اخلاق کا نفاذ عمل میں آچکا ہیں۔