پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے خلاف کارروائی ۔ 8 لاکھ روپئے نقد رقم اور دیگر اشیا ضبط ۔ دھاووں کے خلاف کرنول میںاحتجاج
حیدرآباد : /18 ستمبر (سیاست نیوز) قومی تحقیقاتی ایجنسی نے پاپلر فرنٹ آف انڈیا کے خلاف دونوں تلگو ریاستوں میں کارروائی میں 38 مقامات پر دھاوے کئے اور 4 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ نقد رقم اور دستاویزات بھی ضبط کئے گئے ہیں ۔ این آئی اے کی کاررروائی کے خلاف عوام نے کرنول میں احتجاج کیا اور نعرے بازی کی ۔ این آئی اے ٹیموں نظام آباد ، حیدرآباد ، جگتیال ، نرمل ، عادل آباد اور کریم نگر میں دھاوے کئے جبکہ اے پی میں کرنول اور نیلور میں بھی دھاوے کئے گئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ جاریہ سال /4 جولائی کو نظام آباد پولیس میں عبدالقادر ، شیخ سعد اللہ ، محمد عمران ، محمد ، عبدالمبین جملہ 27 افراد کے خلاف مقدمہ درج ہوا۔ بعد ازاں اس کو این آئی اے کو تحقیقات کیلئے سونپا گیا ۔ دونوں ریاستوں میں دھاوؤں کا اصل مقصد پاپلر فرنٹ کی مبینہ غیرقانونی سرگرمیوں کو روکنا ہے کیونکہ تحقیقات کے دوران یہ معلوم ہوا کہ پی ایف آئی ارکان مبینہ طور پر دہشت گردانہ حرکات اور منافرت پھیلانے میں ملوث ہیں ۔ دھاوؤں میں این آئی اے نے 4 افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ 8 لاکھ 31 ہزار رقم ، دو خنجر ، دستاویزات اور الیکٹرانک اشیاء بھی ضبط کئے گئے ہیں ۔ بنجارہ ہلز میں دھاوا کرکے سماجی جہد کار کے مکان پر تلاشی لی اور بعض اشیاء ضبط کرنے کی اطلاع ہے ۔