اسکل ٹریننگ میں باہمی تعاون، جرمنی کے وزیر کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات
حیدرآباد ۔3 ۔ جون (سیاست نیوز) جرمنی کی ریاست تورنگیا نے تلنگانہ حکومت کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کرتے ہوئے ٹکنالوجی ، اسکل ٹریننگ ، اسٹارٹ اپس اور لائیف سائنسیس جیسے شعبہ جات میں باہمی تعاون سے اتفاق کیا۔ جرمنی کے تورنگیا اسٹیٹ کے وزیر ماریو ووگٹ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے آج حیدرآباد میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ جرمنی کے وفد نے تلنگانہ رائزنگ 2047 ویژن کی ستائش کی اور ویژن کی تکمیل میں اپنی حصہ داری کا پیشکش کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ان کی حکومت آرٹیفشل انٹلیجنس کے اس دور میں نوجوانوں میں مہارت پیداکرنے کے لئے اسکل ڈیولپمنٹ پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی ، جاپان اور ساؤتھ افریقہ جیسے ممالک میں درکار اسکل پروفیشنلس کو تلنگانہ حکومت فراہم کرے گی۔ جرمنی کے وفد نے تلنگانہ کی تیز رفتار معاشی ترقی کو سراہا اور انفارمیشن ٹکنالوجی اڈوانسڈ مینوفیکچرنگ اور دیگر شعبہ جات میں تعاون سے اتفاق کیا ۔ چیف منسٹر اور ریاستی وزراء سریدھر بابو اور ویویک وینکٹ سوامی کی موجودگی میں یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے۔ جرمنی کے وزیر نے کہا کہ تلنگانہ اور جرمنی کے درمیان مختلف شعبہ جات میں بہتر تعاون کے امکانات ہیں۔ جرمنی کی ریاست ہندوستان کی ایک کامیاب ریاست تلنگانہ کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ آرٹیفشل انٹلیجنس کے اس دور میں جرمنی ، جاپان اور ساؤتھ کوریا کے لئے درکار پروفیشنلس کو تلنگانہ حکومت تربیت دے رہی ہے۔ جرمنی کے وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک باہمی اشتراک سے اسکل ڈیولپمنٹ کے منصوبہ پر عمل کریں گے۔ چیف منسٹر نے امریکہ کی سلیکان ویلی اور دیگر اداروں میں حیدرآبادی پروفیشنلس کے رول سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ تورنگیا اسٹیٹ کے تعاون سے حیدرآباد میں جرمنی زبان میں مہارت پیدا کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت فیوچر سٹی میں 500 عالمی اداروں نے سرمایہ کاری سے اتفاق کیا ہے۔ وزیر آئی ٹی سریدھر بابو نے جرمنی کے وفد کا استقبال کیا۔ ویویک وینکٹ سوامی نے تلنگانہ اوورسیز میان پاور کمپنی کے ذریعہ امیدواروں کو جرمنی کی زبان کی ٹریننگ سے واقف کرایا۔ تورنگیا اسٹیٹ کے سکریٹری پروفیسر ٹیچرٹ ڈاکٹر سکرٹ ، مائیکل ہیسپر اور چینائی میں جرمنی کے کونسل جنرل اور دوسروں نے شرکت کی۔1/k/m/b