تلنگانہ اکیڈیمی فار اسکل کے ذریعہ 6 ہزار نوجوانوں کو ٹریننگ کی فراہمی

   

ریاستی وزیر سریدھر بابو کا جائزہ اجلاس، مختلف اداروں میں 4 ہزار سے زائد نوجوانوں کے تقررات
حیدرآباد 6 جون (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے تلنگانہ اکیڈیمی فار اسکل اینڈ نالج (ٹاسک) عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کم از کم 6 ہزار بیروزگار نوجوانوں کو اڈوانسڈ ٹیکنالوجیز میں ٹریننگ کا اہتمام کرتے ہوئے اُنھیں جاریہ تعلیمی سال خانگی اداروں میں ملازمت کو یقینی بنائیں۔ سریدھر بابو نے ٹاسک کی جانب سے اسکیمات پر عمل آوری کا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا۔ اُنھوں نے گزشتہ ایک سال میں ٹاسک کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہاکہ 4100 امیدواروں کو روزگار کی فراہمی میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بیروزگار نوجوانوں اور طلبہ کو صنعتوں سے متعلق اسکلس کی ٹریننگ کی فراہمی کے ذریعہ روزگار کے حصول میں مدد دی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ اکیڈیمی کو صنعتوں کے لئے درکار ٹیکنالوجیز اسکل کے کورسیس میں ٹریننگ کے اہتمام پر توجہ دینی چاہئے۔ گزشتہ سال اکیڈیمی کی جانب سے ریکارڈ تعداد میں 137677 طلبہ کو ٹریننگ دی گئی جس کے لئے 2791 فیکلٹی ممبرس کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔ اکیڈیمی کی جانب سے 21 اضلاع کے 148 کالجس میں جاب فیئرس کا اہتمام کیا گیا۔ کارپوریٹ کالجس کے کیمپس میں جاب فیئر کے ذریعہ 4100 ذہین امیدواروں کا انتخاب کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ بعض امریکی کمپنیوں نے اکیڈیمی کے تربیت یافتہ امیدواروں کو روزگار فراہم کیا ہے اور حیدرآباد کیمپس میں 11 لاکھ روپئے سالانہ پیاکیج پر تقرر کیا گیا۔ ہونڈائی کمپنی نے ٹاسک کی مساعی پر 42 امیدواروں کا انتخاب کیا ہے۔ یونین بینک آف سوئزرلینڈ میں 63 امیدواروں کا 6 لاکھ روپئے سالانہ پیاکیج پر تقرر عمل میں آیا۔ گرین اسکلس اکیڈیمی کے ذریعہ میڑچل، سنگاریڈی، نظام آباد، کاماریڈی اور منچریال اضلاع کے 7 ہزار طلبہ کو ٹریننگ دی جارہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تربیتی پروگرامس کے سلسلہ میں کئی بڑے اداروں نے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے۔1