عوامی مسائل پر مباحث کیلئے حکومت تیار، بی آر ایس کی تنقیدیں مسترد
حیدرآباد۔/23 جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر امور مقننہ ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ 31 جولائی تک بجٹ اور تصرف بل کی منظوری ضروری ہے بصورت دیگر حکومت تنخواہیں ادا کرنے کے موقف میں نہیں رہے گی۔ اسمبلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ حکومت نے اسپیکر اسمبلی سے خواہش کی ہے کہ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر مباحث کیلئے وقت الاٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسمبلی کا اجلاس زیادہ دنوں تک چلانے کے حق میں ہے لیکن 31 جولائی سے قبل بجٹ کی منظوری ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین دنوں میں بجٹ پر مباحث کو مکمل کیا جانا ہے۔ سریدھر بابو نے کہا کہ سابق وزیر ہریش راؤ اسمبلی کے قواعد سے اچھی طرح واقفیت کے باوجود حکومت پر تنقید کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اجلاس کا انعقاد اسپیکر کے اختیارات میں شامل ہے اور حکومت عوامی مسائل پر مباحث سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ بزنس اڈوائزری کمیٹی اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے جو موضوعات پیش کئے گئے ان کا اسپیکر جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امن و ضبط کی صورتحال، کسانوں کے قرض معافی اور مجالس مقامی پر اظہار خیال کا بی آر ایس کو اخلاقی حق حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کی جائے گی۔1