تلنگانہ بھرمیں شدید سردی کی لہر ۔ عام زندگی متاثر

   

حیدرآباد19 نومبر(یواین آئی) تلنگانہ بھرمیں سردی کی لہر میں روزبروز اضافہ ہورہا ہے ۔متحدہ عادل آباد میں درجہ حرارت میں گراوٹ کے نتیجہ میں عوام کوشدید مشکلات کا سامنا ہے ۔کئی افراد راتوں میں گھروں سے نکلنے سے گریز کررہے ہیں۔رات کے اوقات میں درجہ حرارت 10 تا 12 ڈگری سلسیس درج کیاجارہا ہے ۔دیہی اور ٹاونس کی سڑکوں پر کہر کی لہر دیکھی جارہی ہے جس سے گاڑی سواروں کوشدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔صبح 9بجے تک بھی کہر کی گھنی چادر کئی علاقوں میں نظرآرہی ہے ۔شام پانچ بجے سے سردی بڑھ رہی ہے جس سے تاجروں اوردفاتر سے گھرکو واپس ہونے والوں کو مشکلات کاسامنا ہے ۔ٹاونس کے برخلاف ایجنسی علاقوں میں یہ صورتحال زیادہ ہے ۔محکمہ موسمیات نے واضح کیا کہ دسمبر کے اواخر تک سردی کی لہر میں مزید اضافہ کا امکان ہے ۔کہر کے نتیجہ میں کئی گاڑی سوار ہیڈلائٹس کو کھول کر گاڑی چلانے پر مجبور ہیں۔دوسری طرف صبح کے اوقات میں چہل قدمی کرنے والے اور کسان معمول کے برخلاف تاخیر سے کاموں کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔ فٹ پاتھس پر سونے والے افرادکو بھی سردی سے مشکل صورتحال کا سامنا ہے ۔کئی لوگ سردی سے بچنے گرم کپڑوں جیسے گرم لحافوں اورسوئٹرس کا استعمال کررہے ہیں تو کئی افراد شام ہوتے ہیں آگ تاپنے کا کام بھی کررہے ہیں۔ سردی سے بچے اور معمرین شدید متاثرہیں۔ صبح کی اولین ساعتوں سے ہی سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔ عوام سویٹرس’ ٹوپیوں اور مفلرس کااستعمال کررہے ہیں۔ چائے خانوں پر عوام کا ہجوم دیکھا جارہا ہے ۔ صبح اورشام کے اوقات میں ضلع کے بیشتر مقامات پر لوگ آگ تاپتے نظر آرہے ہیں۔