تلنگانہ بھر میں لگاتار بارش کا سلسلہ جاری ۔ کئی اضلاع میں ذخائر آب کی سطح میں اضافہ ۔ حکام کی چوکسی

   

کمارم بھیم ضلع میں سب سے زیادہ 239.8 فیصد بارش ریکارڈ ہوئی ۔دونوں شہروں میں بھی وقفہ وقفہ سے بارش ۔ سڑکوں کی حالت ابتر ۔ عوام کو مشکلات کا سامنا

حیدرآباد۔24جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مجموعی اعتبار سے گذشتہ 24 گھنٹوں میں 25.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سب سے زیادہ بارش ضلع کمارم بھیم کے علاقہ بیجورمیں ریکارڈ کی گئی جہاں گذشتہ 24گھنٹوں میں 239.8ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔ محکمہ موسمیات سے جاری تفصیلات کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے کوکٹ پلی کے حدود میں مجموعی اعتبار سے 31ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں بارش کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ 21.7ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ تلنگانہ میں بارشوں کی تفصیل میں بتایا گیا کہ یکم جون سے 24جولائی تا جملہ 293.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو کہ معمول کی بارش سے 4فیصد کم ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح گریٹر حیدرآباد حدود میں یکم جون سے 24 جولائی تک جملہ 213.1ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو کہ معمول کی بارش سے 11فیصد کم ہے کیونکہ جی ایچ ایم سی حدود میں اس دوران معمول کے مطابق 240.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاتی ہے۔ مختلف اضلاع بالخصوص محبوب نگر ‘ ناگرکرنول ‘ رنگاریڈی ‘ سدی پیٹ‘ نارائن پیٹ‘ کمرم بھیم ‘ کھمم‘ وقارآباد‘ ونپرتی ‘ کریم نگر ‘ محبوب آباد‘ ورنگل کے علاوہ دیگر کئی اضلاع میں موسلادھار بارش ہے اور کئی اضلاع میں ذخائر آب کی سطح میں اضافہ کی اطلاعات ہیں۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے پیش نظر محکمہ پولیس سے بیشتر اضلاع بشمول شہرحیدرآباد میں کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا جاچکا ہے اور پولیس کمانڈ کنٹرول روم کے ذریعہ ریاست بھر کے موسم پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے ۔ محکمہ پولیس کے ریڈ الرٹ میں عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے اپیل کی گئی کہ وہ کسی بھی طرح کے ہنگامی حالات میں فوری متعلقہ حکام کو مطلع کرکے مدد حاصل کریں۔ تلنگانہ انٹگریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے محکمہ پولیس اور بلدی عملہ کے درمیان تال میل کے ذریعہ عوام کو مطلع کرنے کے نظام کو بہتر بنانے اور مستعدی اختیار کرنے کا فیصلہ کرکے سوشل میڈیا کے استعمال کے ذریعہ عوام میں شعور اجاگر کرنے اقدامات کا فیصلہ کیاگیا علاوہ ازیں دونو ںشہروں میں ٹریفک جام کے متعلق تفصیلات سے شہریوں کو واقف کرواتے ہوئے انہیں آگاہ رکھنے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی تفصیلات کے مطابق 23 اور 24 جولائی تکتلنگانہ کے 12 منڈلوں کے سواء مابقی تمام منڈلوں میں بارش ہوئی ہے جن میں 48منڈلوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ 192منڈلوں میں ہلکی و تیز بارش ہوئی ۔337 منڈلوں میں 15.6 تا 64.4 ملی میٹربارش ہوئی ہے۔ 27 منڈلوں میں موسلادھار بارش ہوئی جہاں 64.5تا115.5ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ 4منڈلوں میں 115.6تا204.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی اور بیجور منڈل کمرم بھیم میں 239.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو سب سے زیادہ ہے۔محکمہ کے مطابق 119 منڈلوں میں معمول سے زیادہ بارش ہوئی جبکہ 309 منڈلوں میں معمول کے مطابق یا اس سے کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ مانسون کے متعلق محکمہ موسمیات کے اعداد وشمار کے مطابق مجموعی اعتبار سے ریاست میںسال گذشتہ کے مقابلہ 26 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی ۔دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں گذشتہ شب سے جاری بارش کے نتیجہ میں پرانے شہر کے کئی علاقوں میں سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہیں اور کئی نالوں سے پانی ابلنے کے سبب شہریوں کو مشکل کا سامنا ہے۔ دونوں شہروں کی سڑکوں پر مسلسل بارش کے سبب گڑھوں سے حادثات کے خطرات میں اضافہ ہوچکا ہے اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کا کہناہے کہ مسلسل بارش کے سبب ان سڑکوں کی مرمت کے اقدامات بھی نہیں کئے جاسکتے ۔ علاوہ نواحی علاقوں کی سڑکوں پر بھی کھڈ پڑنے کے سبب ٹریفک جام ہونے لگی ہے اور سڑکوں پر مسلسل پانی کے بہاؤ کے نتیجہ میں کئی مقامات پر مین ہول کے ڈھکن کھولے جانے لگے ہیں تاکہ پانی کا آسانی سے بہاؤ ہوسکے ۔ محکمہ آبرسانی و بلدیہ عہدیداروں نے عوام کو اپنے طور پر مین ہولس کے ڈھکن کھولنے سے اجتناب کا مشورہ دیا اور کہا کہ پانی جمع ہونے پر بلدی عملہ کو مطلع کیا جائے تاکہ بلدی یا آبرسانی عملہ کی نگرانی میں پانی کی نکاسی انجام دی جاسکے۔3