منسٹرس کوارٹرس کے گھیراؤ کی کوشش ناکام، میڈیکل کونسلنگ کے آغاز کا مطالبہ
حیدرآباد۔/15 ستمبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ہیڈ کوارٹر تلنگانہ بھون کے روبرو آج اس وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی جب پولیس اور بی آر ایس طلباء تنظیم کے کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی۔ پولیس نے بی آر ایس کی طلباء تنظیم کے کارکنوں کو منسٹرس کوارٹرس کے گھیراؤ کیلئے جانے کی اجازت نہیں دی۔ پولیس نے کارکنوں کو تلنگانہ بھون کے اندرونی حصہ تک محدود کردیا اور گیٹ بند کرکے نکلنے کی اجازت نہیں دی۔ جس پر بی آر ایس کارکن برہم ہوگئے۔ ریاست میں میڈیکل کونسلنگ کے فوری انعقاد کے مطالبہ پر بی آر ایس طلبہ تنظیم نے منسٹرس کوارٹرس بنجارہ ہلز کے گھیراؤ کا اعلان کیا اور جلوس کی شکل میں روانہ ہونے کی کوشش کی۔ پولیس کی بھاری جمعیت کو تلنگانہ بھون کے روبرو متعین کردیا گیا تھا اور کارکنوں کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ پولیس اور احتجاجی کارکنوں کے درمیان دھکم پیل ہوئی اور کارکنوں نے پولیس اور حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی۔ صورتحال کے بے قابو ہونے پر پولیس نے بی آر ایس وی کے قائدین اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کونسلنگ میں تاخیر کی اہم وجہ مقامی اور غیر مقامی کا تنازعہ ہے۔ طلباء کے مقامی ہونے کی اہلیت پر ہائی کورٹ کے فیصلہ کو حکومت نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ بی آر ایس کی طلباء تنظیم ہائی کورٹ کے فیصلہ پر عمل آوری کی مانگ کررہی ہے۔1