تلنگانہ بی جے پی قائدین واراناسی پہونچے

   

وزیر اعظم نریندر مودی کی انتخابی مہم میں مصروف
حیدرآباد 27 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں انتخابی سرگرمیوں سے فراغت کے بعد بی جے پی سرکردہ قائدین وزیراعظم نریندر مودی کی انتخابی مہم میں حصہ لینے واراناسی پہونچ گئے۔ واراناسی میں یکم جون کو رائے دہی مقرر ہے۔ مرکزی وزیر اور بی جے پی ریاستی صدر جی کشن ریڈی، رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے لکشمن اور سینئر لیڈر ایٹالہ راجندر واراناسی روانہ ہوئے جبکہ بی جے پی قومی جنرل سکریٹری بنڈی سنجے پہلے ہی سے واراناسی میں انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ آندھراپردیش کے بی جے پی قائدین جی وی ایل نرسمہا راؤ، بھانو پرکاش ریڈی، ہرش وردھن ریڈی اور دوسرے واراناسی میں مودی کے حق میں مہم چلارہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ واراناسی کے رائے دہندوں میں قابل لحاظ تعداد جنوبی ہند کی ریاستوں سے تعلق رکھنے والوں کی ہے۔ جنوبی ہند کے رائے دہندوں کو نریندر مودی کے حق میں ووٹ دینے کی ترغیب دینے کے لئے تلگو ریاستوں کے بی جے پی قائدین مصروف ہیں۔ کیرالا، ٹاملناڈو، آندھراپردیش، تلنگانہ اور کرناٹک کے بی جے پی قائدین بھی واراناسی پہونچ چکے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب جنوبی ریاستوں کے پارٹی قائدین کو انتخابی مہم کے لئے واراناسی مدعو کیا گیا۔ نریندر مودی دو مرتبہ واراناسی حلقہ سے منتخب ہوچکے ہیں اور وہ تیسرے مرتبہ مقابلہ کررہے ہیں۔ اُنھوں نے 14 مئی کو پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔ 1