تلنگانہ تحریک میں کے ٹی آر کی کوئی قربانی نہیں

   

راہول گاندھی پر تنقید کے خلاف ضلع کانگریس صدر کاماریڈی کا ریمارک

کاماریڈی :19؍ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کانگریس صد ر کے سرینواس رائو نے آج کانگریس بھون میں صحافیو ں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کی جانب سے راہول گاندھی کیخلاف کئے گئے بیان بازی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک کی آزادی میں اہم رول ادا کرنے کے علاوہ آزادی کے بعد موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے پنڈت جواہر لال نہرو کی قیادت میں کانگریس حکومت نے کئی کارناموں کو انجام دیتے ہوئے ملک کو ترقی کی راہ پر چلانے میں کانگریس پارٹی اور کانگریس کے قائدین نے اہم رول ادا کیا ۔ راہو ل گاندھی اور ان کا کے خاندان کی قربانیوں کے باعث ملک مستحکم ہے اور کانگریس ہمیشہ عوام کی فلاح وبہبودی کیلئے فکر مند رہتی ہے ۔ کے ٹی آر اور ان کے خاندان صرف اقتدار کے خاطر کسی کو بھی گمراہ کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ ملک میں آندھرا پردیش سے زرعی شعبہ کو مفت میں برقی سربراہی کو شروع کیا گیا تھا اور اسی اسکیم کو چلایا جارہا ہے ۔ لیکن اسے بی آرایس حکومت کا کارنامہ قرار دینا سراسر غلط ہے ۔ کانگریس کی مرہون منت کی وجہ سے علیحدہ ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میں آیا ہے ۔ تلنگانہ کے قیام کے بعد اس کا ثمر بی آرایس کو حاصل ہوا ہے لیکن بی آرایس کانگریس اور راہو ل گاندھی کیخلاف بیا ن بازی کرنا سراسر غلط ہے ۔ بالخصوص کے ٹی راما رائو تحریک کے دوران امریکہ میں ملازمت پر فائز تھے تحریک کی صورتحال دیکھتے ہوئے ملک پہنچ کر تحریک میں شامل ہوئے لیکن تحریک کیلئے کے ٹی آر کی کوئی قربانی نہیں ہے ۔ لہذا کانگریس اور ان کے اعلیٰ قائدین کیخلاف کے ٹی آر بیان بازی کرنے کے بجائے سنجیدہ طور پر جائزہ لیتے ہوئے سنجیدہ مشورہ دئیے تو بہتر ہوگا۔