تلنگانہ تلی مجسمہ کی احاطہ سکریٹریٹ میں تنصیب کا فیصلہ

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے موزوں مقام کی نشاندہی کی
حیدرآباد۔20۔اگسٹ(سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج تلنگانہ سکریٹریٹ کے احاطہ کا معائنہ کرتے ہوئے ’’تلنگانہ تلی‘‘ مجسمہ کی تنصیب کے لئے امکانی مناسب مقامات کی نشاندہی کی ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے مشیر ریاستی حکومت مسٹر ویم نریندر ریڈی کے ہمراہ سکریٹریٹ کا دورہ کرتے ہوئے مناسب مقام کا جائزہ لیا ۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ ریاست میں ’تلنگانہ تلی‘ کے مجسمہ کی تنصیب کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے اعلان کیا جاچکا ہے اور سکریٹریٹ کی عمارت میں ہی حکومت تلنگانہ اس مجسمہ کی تنصیب کا فیصلہ کرچکی ہے۔ انہو ںنے اس موقع پر موجود ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرمارکا کے علاوہ دیگر عہدیداروں کے ہمراہ تلنگانہ تلی مجسمہ کے مقام اور ڈیزائن کے متعلق تبادلہ خیال کرتے ہوئے اپنے منصوبوں پر اظہار خیال کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ’تلنگانہ تلی‘ مجسمہ ریاست کی تہذیب اور تمدن کا عکاس ہونا چاہئے اور اس مجسمہ سے تلنگانہ تہذیب کی ثقافت جھلکنی چاہئے ۔مسٹر اے ریونت ریڈی نے عہدیدارو ںکو سکریٹریٹ میں تلنگانہ تلی مجسمہ کی تنصیب کے سلسلہ میں مکمل منصوبہ تیار کرتے ہوئے انہیں پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس کام کو جلد سے جلد مکمل کرنے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ ریاست کے اقتدار کے مرکز میں اس کی تنصیب کا عمل مکمل کیا جاسکے۔3