تلنگانہ تلی کا مجسمہ ایک انقلاب کی پہچان

   

مجسمہ کی تبدیلی پر تنقید، نارائن پیٹ میں بی آر ایس قائدین کی پریس کانفرنس

نارائن پیٹ۔ 10 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدرضلع بی آر ایس ایس راجندر ریڈی کی نگرانی میں ٹاؤن پارٹی کے صدر وجے ساگر اور منڈل پارٹی کے صدر شری۔ وی پور رامولو کی قیادت میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں ریاستی حکومت کی جانب سے سر پر تاج،گلے میں زیورات، ہاتھ میں بتکماں لئے ہوئے تلنگانہ ماں ( تلگو تلی ) کی مورتی میں تبدیلیوں کے خلاف سخت احتجاج کیا گیا۔ اس سے قبل ٹاؤن پارٹی کی جانب سے سابقہ تلنگانہ تلی کے مجسمہ کو دودھ سے نہلایا گیا ،اس موقع پر بی آر ایس قائدین نے کہا کہ تلنگانہ کی ماں کوئی بت نہیں بلکہ ایک انقلاب ہے جس نے کروڑوں لوگوں میں تحریک پیدا کی۔ تلنگانہ کا مجسمہ ایک تاریخی نقوش ہے جو تلنگانہ کے چار کروڑ عوام کے دلوں میں کبھی نہیں مٹے گا۔ملک میں کوئی بھی پارٹی اقتدار میں آجائے، لیکن ہندوستان ماتا کی مورتی نہیں بدلے گی۔ اسی طرح تلنگانہ میں کوئی بھی پارٹی اقتدار میں کیوں نہ ہو، تلگو ماں کی شبیہ نہیں بدلے گی۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کا سماج چیف منسٹر اور کانگریس پارٹی کو تلنگانہ ماں کی مورتی کی توہین کرنے پر کبھی معاف نہیں کریں گے ۔ٹاؤن پارٹی کے سکریٹری چننا ریڈی، 18 ویں وارڈ کے کونسلر گرولنگپا، سینئر قائدین سدرشن ریڈی، شرناپلی رامولو، کنا جگدیش، بویا لکشمن، ہنمنتھ ریڈی، بلٹ راجو، راگھو، رام ریڈی، سریندر ریڈی، فیروز، علی شیر ، اور ٹاؤن، منڈل کمیٹی کے ممبران، رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔