عارف محمد خاں ، چرنجیوی ، کانگریس اور سی پی آئی قائدین کی شرکت، بنڈارو دتاتریہ کو مبارکباد
حیدرآباد ۔6 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی دسہرہ تہوار کے فوری بعد تلنگانہ تہذیب کی نمائندگی کرنے والے الائی بلائی پروگرام کا نمائش گراؤنڈ پر انعقاد عمل میں آیا۔ بنڈارودتاتریہ اور ان کی دختر وجئے لکشمی کی جانب سے اس پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر قائدین اور فلمی شخصیتوں نے شرکت کی۔ میگا اسٹار چرنجیوی اس پروگرام میں عوام کی توجہ کا مرکز رہے اور ان کے مداحوں کی جانب سے سیلفی لینے کیلئے ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی کوشش کی جارہی تھی ۔ چرنجیوی نے الائی بلائی پروگرام کو ملک بھر میں منعقد کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ تلنگانہ کی تہذیب سے ملک کو متعارف کیا جائے ۔ چرنجیوی نے بنڈارو دتاتریہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ تلنگانہ تہذیب کو پروان چڑھانے میں دتاتریہ نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تہذیب ملک میں کہیں بھی دیکھنے کو نہیں ملے گی۔ چرنجیوی نے کہا کہ فلمی دنیا سے وابستہ افراد میں کافی تبدیلی آئی ہے اور لوک ایک دوسرے سے ملاقات کرتے ہوئے خیر سگالی کا ماحول پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے فلم انڈسٹری میں بھی اس طرح کے پروگراموں کی تجویز پیش کی ۔ میگا اسٹار نے ڈھول بجاکر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ طویل عرصہ سے اس پروگرام کا انتظار کر رہے تھے۔ اس موقع پر بنڈارو دتاتریہ نے مہمانوں کا روایتی تلنگانہ کے انداز میں استقبال کیا ۔ اس پروگرام میں گورنر کیرالا عارف محمد خاں ، سابق گورنر مہاراشٹرا سی ایچ ودیا ساگر راؤ ، بی جے پی کے قومی قائد ویویک وینکٹ سوامی ، رام چندر ریڈی ، کے دلیپ کمار ، کانگریس کے سینئر قائد وی ہنمنت راو ، سی پی آئی قائدین ، ڈاکٹر کے نارائنا ، چاڈا وینکٹ ریڈی ، رام کرشنا ، میوزک ڈائرکٹر وندے ماترم سرینواس اور دوسروں نے شرکت کی۔ گزشتہ 17 برسوں سے بنڈارو دتاتریہ اس پروگرام کا اہتمام کر رہے ہیں۔ر