موضع تروملاپور میں ڈبل بیڈرومس مکانات کی سنگ بنیاد تقریب سے ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کا خطاب
میدک ۔ ریاستی وزیر فینانس انچارج وزیر متحدہ ضلع میدک مسٹرٹی ہریش راؤ نے کہا کہ آئندہ سال غریب مستحق خاندانوں کو جن کے پاس اراضی موجود ہو تعمیر امکنہ کیلئے حکومت کی جانب سے 5 لاکھ روپئے دئے جائیں گے ۔ ہر اسمبلی حلقہ کو ایک ہزار مکانات الاٹ کئے جائیں گے ۔ مسٹر ہریش راؤ ضلع میدک کے بڑا شنکرم پیٹ منڈل کے تروملا پور پر 100 ڈبل رومس مکانات کی تعمیرات کیلئے سنگ بنیاد و بھومی پوجا رسم کرنے کے بعد اپنے خطاب میں یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت جاریہ مالیاتی سال ہی تعمیر امکنہ کیلئے غریب مستحق کو رقمی امداد کا منصوبہ بنایا تھا لیکن کورونا وائرس کی وباء کی وجہ حکومت معاشی بحران سے دوچار ہوچکی تھی ۔ جس کی وجہ یہ ہے منصوبہ کو آئندہ مالیاتی سال تک روکا گیا ہے تاہم آئندہ مالیاتی سال میں اس اسکیم پر عمل آوری بھی ہوگی ۔ انہوں نے کہا حکومت کو کووڈ 19 کی وجہ 40ہزار کروڑ کی آمدنی متاثر ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومتیں جہاں 17ریاستوں میں موجود ہیں تلنگانہ جیسی فلاحی اسکیمات نہیں چلائی جارہی ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ شنکرم پیٹ میں پانی کی کمی کی وجہ سے کپاس کے متاثرہ کسانوں کو جاری ماہ کی 27 سے رعیتو بندھو اسکیم کے تحت فی ایکر 5 ہزار کی امداد دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ شنکرم پیٹ منڈل کے کسانوں کو سہولت کے خاطر یہاں مارکٹنگ یارڈ کی تعمیر بھی عمل میں لائی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نارائن کھیڑ اسمبلی حلقہ میں 20 تا 30 ہزار میٹرک ٹن اناج کی ذخیرہ اندوزی کیلئے گودام کی تعمیرات عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ملنا ساگر کنڈہ پوچماں سے کنالس کی کھدوائی کرکے شنکرم پیٹ کی فصلوں کو بہتر بنانے کیلئے کالیشورم سے پانی کی سربراہی کی جائے گی اور اس طرح گھر گھر مشن بھگیرتا اسکیم کے تحت پانی کی سربراہی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے سے الہ درگ تک 19 کیلومیٹر سڑک کی ترقی کیلئے 16 کروڑ 33 لاکھ روپئے منظور کئے گئے ہے ں۔ اس پروگرام میں ایم ایل اے نارائن کھیڑ بھوپال ریڈی آر ڈی او سائی رام پنچایت راج ، سپرنٹنڈنٹ انجینئیر مسٹر رامچندر ریڈی کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے عہدیدار اور ٹی آر ایس قائدین کی بڑی تعداد شریک تھی ۔