23 جون کو آخری قافلہ، صدرنشین حج کمیٹی خسرو پاشاہ استقبال کریں گے
حیدرآباد 9 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی سے فریضہ حج کی تکمیل کے بعد حجاج کرام کی واپسی کا 12 جون سے آغاز ہوگا۔ فریضہ حج کی تکمیل کے بعد تلنگانہ کے حجاج کرام کی مدینہ منورہ روانگی کا آغاز ہوچکا ہے۔ مدینہ منورہ میں 7 دن قیام کے بعد حجاج کرام حیدرآباد واپس ہوں گے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر حجاج کرام کی واپسی کے موقع پر مؤثر انتظامات کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے جی ایم آر اور دیگر سرکاری اداروں کے عہدیداروں کو حجاج کرام کی واپسی کے موقع پر بہتر سہولتوں کی فراہمی اور ضروری اُمور کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی ہے۔ حجاج کرام کا پہلا قافلہ 12 جون کی صبح 6 بجے حیدرآباد پہونچے گا۔ دوسرا قافلہ اُسی دن دوپہر 3.15 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہونچے گا۔ جملہ 23 قافلوں کے ذریعہ حجاج کرام کی واپسی عمل میں آئے گی اور آخری قافلہ 23 جون کی رات دیر گئے ایک بجے حیدرآباد پہونچے گا۔ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر ایمگریشن،کسٹمز اور دیگر اُمور کی عاجلانہ تکمیل میں حج کمیٹی کے عہدیدار اور والینٹرس تعاون کریں گے۔ مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ پہلے قافلہ کا استقبال کریں گے۔ واضح رہے کہ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے جملہ 9685 حجاج کرام کی روانگی عمل میں آئی جن میں تلنگانہ حج کمیٹی کے 6646 حجاج کرام شامل ہیں۔ آندھراپردیش کے 1200، کرناٹک 1082، مہاراشٹرا 560 ، اڈیشہ 94 ، چھتیس گڑھ 42 اور بہار کے 28 عازمین حج حیدرآباد سے روانہ ہوئے۔ حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی کے ساتھ ہی حج 2027ء کے لئے درخواستوں کے ادخال کا عمل شروع ہوگا۔V/1