تلنگانہ حج کمیٹی کے حجاج کرام کے 2 قافلوں کی آج واپسی

   

صدرنشین محمد سلیم استقبال کریں گے، ایرپورٹ پر محکمہ جات کے خصوصی انتظامات
حیدرآباد ۔ یکم اگسٹ (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے حجاج کرام کا چوتھا قافلہ کل 2 اگسٹ کو مدینہ منورہ سے حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہونچے گا۔ دوپہر 1.15 بجے قافلے کی آمد پر صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم استقبال کریں گے۔ حجاج کرام کے 3 قافلے ابھی تک وطن واپس ہوچکے ہیں جن میں 1121 حجاج کرام شامل ہیں۔ سعودی ایرلائنس کی پروازوں کے ذریعہ حجاج کرام کی واپسی عمل میں آرہی ہے۔ 2 اگسٹ کو 2 قافلوں کی واپسی ہوگی۔ پہلا قافلہ دوپہر 1.15 بجے جبکہ دوسرا قافلہ شام 5.50 بجے حیدرآباد پہونچے گا۔ 3 اور 4 اگسٹ کو ایک ایک قافلے کی واپسی ہوگی جبکہ آخری قافلہ 6 اگسٹ کو واپس ہوگا۔ صدرنشین حج کمیٹی نے مکہ مکرمہ میں مقیم تلنگانہ کے حجاج کرام کی خیریت کے بارے میں خادم الحجاج سے ربط قائم کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ حجاج کرام کو فلائٹ کی روانگی سے قبل مقررہ وقت پر ہی ایرپورٹ منتقل کیا جائے۔ پہلی فلائٹ کے حجاج کرام کو کئی گھنٹوں تک ایرپورٹ پر انتظار کرنا پڑا ہے۔ آخری 3 قافلوں میں آندھراپردیش کے حجاج کرام حیدرآباد پہونچیں گے۔ ایرپورٹ پر جی ایم آر کے علاوہ کسٹمز، ایمگریشن اور دیگر محکمہ جات کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ 65 ویٹنگ لسٹ کے حجاج کرام شیڈول فلائٹ سے حیدرآباد واپس ہوں گے۔ ایرپورٹ پر حجاج کرام کو 5 لیٹر زم زم کا کیان حوالے کیا جائے گا۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے 3081 حجاج کرام روانہ ہوئے تھے۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے بتایا کہ مدینہ منورہ میں موجود تمام تلنگانہ اور آندھراپردیش کے حجاج کرام خیریت سے ہیں۔ ر