تلنگانہ حج کمیٹی کے 2704 عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچ گئے

   

ویٹنگ لسٹ کے 65 عازمین کی روانگی ، آج صبح آخری قافلہ روانہ ہوگا
حیدرآباد۔/29 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی سے عازمین حج کے 7 قافلوں کی روانگی کے بعد آج ویٹنگ لسٹ کے مزید 65 عازمین سعودی عرب کیلئے روانہ ہوئے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے تلنگانہ کیلئے ویٹنگ لسٹ سے تقریباً 900 نشستوں کا اضافی کوٹہ الاٹ کیا تھا لیکن صرف 65 عازمین نے سفر حج کا ارادہ کیا۔ ویٹنگ لسٹ کے عازمین حج کو آج صبح راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایرپورٹ سے سعودی ایر لائنس کی ریگولر فلائیٹ کے ذریعہ جدہ روانہ کیا گیا جبکہ دیگر قافلے خصوصی فلائیٹس سے روانہ ہوئے ہیں۔ فلائیٹ کی مکمل نشستیں پُر نہ ہونے کے سبب انہیں ریگولر فلائیٹ سے روانہ کیا گیا۔ حج ہاوز نامپلی سے تلبیہہ کی گونج میں عازمین کو خصوصی بسوں کے ذریعہ ایر پورٹ روانہ کیا گیا۔ حج کمیٹی کے ارکان سید نظام الدین، سید عرفان الحق کے علاوہ اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف نے عازمین حج کی رہنمائی کی۔ اس قافلہ میں حیدرآباد کے 41، کریم نگر 2 ، میدک 7 ، نلگنڈہ 2 ، نظام آباد 2 ، رنگاریڈی 6 اور ورنگل ( اربن ) کے 5 عازمین شامل ہیں۔ صدرنشین حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے حج ہاوز پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا اور ویٹنگ لسٹ کے عازمین سے ملاقات کی۔ حج کمیٹی سے آخری قافلہ کل 30 جون کی صبح جدہ کیلئے پرواز کرے گا۔ اس قافلہ میں 377 عازمین ہوں گے۔ آخری 3 قافلوں میں آندھرا پردیش کے عازمین کی موجودگی کے سبب آندھرا پردیش حج کمیٹی کے صدرنشین غوث الاعظم ، رکن کونسل اسحاق پاشاہ ، رکن کونسل شیخ محمد اقبال، آندھرا پردیش حج کمیٹی کے ارکان کے علاوہ ایگزیکیٹو آفیسر ایل عبدالقادر نے عازمین کو وداع کیا۔ حج کمیٹی سے 7 قافلوں کے ذریعہ 2639 عازمین مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔ ویٹنگ لسٹ کے 65 عازمین کی روانگی کے بعد حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے عازمین کی تعداد 2704 ہوچکی ہے۔ر