13 ڈائیگناسٹک سنٹرس کیلئے 73.29 کروڑ ، 8 وئیرالوجی سنٹرس کیلئے 96.39 کروڑ کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 10 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت نے (ٹی ڈائیگناسٹکس ) اسکیم کو ساری ریاست میں توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے پہلے ہی 20 اضلاع میں ڈائیگناسٹکس سنٹرس قائم کئے گئے ہیں ۔ مزید 13 اضلاع میں ان سنٹرس کو منظوری دی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ ریاست میں مزید 8 وئیرالوجی سنٹرس قائم کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ اس کے لیے 96.39 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں ۔ ان سنٹرس میں 56 اقسام کے ٹسٹس کئے جائیں گے ۔ نتائج اخذ کرنے کے لیے 3 کروڑ روپئے مالیت کی عصری ٹکنالوجی فراہم کی گئی ہے ۔ شہر حیدرآباد میں واقع پرائمری ہیلت سنٹرس ، سوشیل ہیلت سنٹرس ، علاقائی ، ضلعی ہاسپٹلس اس کے حدود میں آئیں گے ۔ روزانہ بستی دواخانوں ، شہری ہیلت سنٹرس سے نمونے حاصل کرتے ہوئے ان ڈائیگناسٹکس سنٹرس کو روانہ کئے جائیں گے ۔ مریضوں سے نمونے حاصل کرتے وقت ہی ان سے ای میل آئی ڈی ، موبائیل نمبر حاصل کئے جائیں گے ۔ نمونوں کے نتائج ، مریض متعلقہ ہیلت سنٹرس ، بستی دواخانوں کو آن لائن میں روانہ کئے جائیں گے ۔ تین ماہ سے یہ نظام کافی کامیاب ہے اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ جس کے پیش نظر ریاست کے تمام اضلاع میں اس کی سہولت فراہم کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ 13 اضلاع میں ڈائیگناسٹک سنٹرس کے قیام کے لیے 73.29 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں ۔ تلنگانہ حکومت نے کوویڈ کے علاوہ دوسرے وئیرالوجی ٹسٹوں کے لیے ریاست کے تمام اضلاع میں عصری سہولتوں سے آراستہ وئیرالوجی سنٹرس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پہلے ہی ریاست میں 25 وئیرالوجی سنٹرس قائم کئے گئے ہیں ۔ نئے وئیرالوجی سنٹرس جئے شنکر بھوپال پلی ، جوگو لامبا گدوال ، کمرم بھیم آصف آباد ، ملگو ، ناگر کرنول ، راجنا سرسلہ ، ورنگل اور نارائن پیٹ میں قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔ چھ ماہ میں ان سنٹرس کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ 13 اضلاع جئے شنکر بھوپال پلی ، کاماریڈی ، منچریال ، میڑچل ملکاجگری ، ناگر کرنول ، نارائن پیٹ ، پداپلی ، رنگاریڈی ، سوریہ پیٹ ، ونپرتی ، ورنگل ، ہنمکنڈہ ، یادادری بھونگیر میں ڈائیگناسٹک سنٹرس قائم کئے جارہے ہیں ۔۔ ن
