حیدرآباد /3 جنوری ( سیاست نیوز ) ریاستی حکومت نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( ایچ ایم ڈی اے ) کے حدود میں موجود 3342 تالابوں میں 765 تالابوں کے فل ٹینک لیول ( ایف ٹی ایل ) کی نشاندہی کرتے ہوئے قطعی نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔ ماباقی تالابوں کا بھی ابتدائی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے ۔ ان کے اعتراضات کو حل کرنے کے بعد قطعی نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا ۔ ایچ ایم ڈی اے کے حدود میں تالابوں پر قبضے ایف ٹی ایل اور بفر زون کے حدود میں غیر مجاز تعمیرات ہو رہے ہیں۔ جس کے تناظر میں تمام تالابوں کے ایف ٹی ایل کو نافذ کرتے ہوئے فائنل نوٹیفکیشن جاری کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جس کے بعد تالابوں کے اطراف حصار بندی کی جائے گی ۔ غیر مجاز قبضوں کو روکنے کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ اس مسئلہ پر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس الوک ارادے ، جسٹس جے سرینواس راؤ پر مشتمل بنچ نے ایک بار پھر اس معاملے کی سماعت کی ہے۔ حکومت کے خصوصی وکیل سریدھر ریڈی نے مباحث میں حصہ لیا اور ہائی کورٹ کو بتایا کہ 765 تالابوں کیلئے فائنل نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ۔ ماباقی تالابوں کے معاملے میں تیزی سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حکومت اور ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے تالابوں کے ایف ٹی ایل نافذ کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آئندہ سماعت تک اس معاملے میں مزید پیشرفت ہوگی ۔ جس کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی ۔ ججس نے آئندہ سماعت 4 فروری تک ملتوی کردی۔ 2