حیدرآباد 2 جون ( سیاست نیوز ) مئیر حیدرآباد وجئے لکشمی گدوال نے کہا کہ علیحدہ تلنگانہ ریاست کے چندر شیکھر راؤ کی جہد مسلسل کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ کے یوم تاسیس کے موقع پر ریاست کے عوام کو مبارکباد پیش کی ۔ جی ایچ ایم سی ہیڈ کوارٹرس میں ایک تقریب میں انہوں نے ترنگا پرچم لہرایا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مئیر نے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ نے 14 سال تک علیحدہ ریاست کیلئے جدوجہد کی اور علاقہ سے انصاف کا مطالبہ کیا ۔ ان کی جدوجہد کا نتیجہ تھا کہ تلنگانہ ملک کی 29 ویں ریاست بنی ۔ انہوں نے کہا کہ اس جدوجہد میں کئی افراد نے اپنی زندگیاںقربان کردیں ۔آج شہیدان تلنگانہ کو بھی خراج پیش کرنے کا دن ہے ۔ مئیر نے کہا کہ جدوجہد تلنگانہ کے لیڈر کی حیثیت میں کے سی آر ریاست کے پہلے چیف منسٹر بنے اور ان کی قیادت میں تلنگانہ کی مثالی ترقی ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کیلئے حکومت کی جانب سے کئی مثالی اسکیمات شروع کی گئی ہیں۔