تلنگانہ سکریٹریٹ کے ملازمین کورونا سے متاثر

   

بلیٹن روزانہ کی بنیاد پر جاری کرنے کی ہدایت ، تلنگانہ ہائی کورٹ سے دوسری لہر کا انتباہ
حیدرآباد۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے ریاست میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا انتباہ دیئے جانے اور روزانہ کے اساس پر کورونا وائرس بلیٹن جاری کرنے کی ہدایت کے ساتھ ہی تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے ۔محکمہ صحت کی جانب سے جاری کئے گئے کورونا وائرس بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ریاست میں 189 کورونا وائرس کے مثبت مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ تلنگانہ سیکریٹریٹ میں خدمات انجام دینے والے 3ملازمین کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد ملازمین کی تنظیموں کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کو کورونا وائرس ٹیکہ اندازی میں ترجیح دینے کے لئے حکومت سے مطالبہ کیاجانے لگا ہے اورکہا جا رہاہے کہ حکومت کی جانب سے عوامی دفاتر کو کھول دیئے جانے کے بعد کوروناو ائرس کے پھیلنے کے خدشات میں اضافہ ہوچکا ہے اسی لئے حکومت کے محکمہ جات میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کو ترجیحی بنیادوں پر ٹیکہ دیا جائے ۔ ملازمین کی جانب سے کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے کورونا وائرس ٹیکہ اندازی کے مطالبہ کے دوران گوداوری کھنی کے طبی عملہ کی جانب سے لئے گئے دو مرحلوں کے ٹیکہ کے باوجود ایک شخص کو کورونا وائرس مثبت پایا گیا ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے ٹیکہ اندازی کے پہلے مرحلہ میں طبی عملہ کے علاوہ صفائی عملہ اور دیگر صف اول پر رہتے ہوئے کورونا وائرس کے لاک ڈاؤن کے دوران مقابلہ کرنے والوں کو ٹیکہ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ سیکریٹریٹ میں جن ملازمین کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے ان سے رابطہ میں آنے والے تمام ساتھی ملازمین کو اپنا معائنہ کروانے کا مشورہ دیا گیا ہے اور اور جن ملازمین کو کورونا وائرس کی مثبت رپورٹ آئی ہے ان ملازمین کو ضروری طبی تشخیص اور علاج و معالجہ کی ہدایت دی گئی ہے۔ سیکریٹریٹ میں جہاں ملازمین کی ایک دوسرے محکمہ جات میں آمد و رفت پر پابندی کے علاوہ عام شہریوں کو عہدیداروں سے ملاقات کے لئے سیکریٹریٹ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے اور سیکریٹریٹ میں روزانہ صفائی کے بہتر سے بہتر انتظامات کے باوجود محکمہ آبپاشی کے علاوہ دیگر دو محکمہ جات میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کو کوروناو ائرس کی توثیق نے ملازمین میں بے چینی کی کیفیت پیدا کردی ہے اور کہا جار ہاہے کہ حکومت کی جانب سے سیکریٹریٹ میں مزید سختی کی جائے گی۔