74 خصوصی ٹرینوں کا انتظام، چیف سکریٹری سومیش کمار کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔21۔ مئی(سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ تلنگانہ سے مختلف ریاستوں کے ایک لاکھ سے زائد مائیگرنٹ لیبرس کو 74 ٹرینوں کے ذریعہ روانہ کیا گیا ۔ چیف سکریٹری نے ریاست میں پھنسے ہوئے مائیگرنٹ لیبرس اور دیگر ریاستوں میں موجود تلنگانہ کے ورکرس کے مسائل پر جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر نوڈل ٹیم تشکیل دی گئی۔ رنگا ریڈی ، میڑچل کے ضلع کلکٹرس کے علاوہ سائبر آباد ، حیدرآباد اور رچہ کنڈہ کے پولیس کمشنرس کو ٹیم میں شامل کیا گیا تاکہ مائیگرنٹ ورکرس کی روانگی کا انتظام کیا گیا۔ چیف سکریٹری نے اہم کامیابی حاصل کرنے پر تمام محکمہ جات کی ستائش کی۔ انہوں نے بتایا کہ بسوں کے ذریعہ ورکرس کو ریلوے اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔ حکومت کی جانب سے غذا اور پانی کا انتظام کیا گیا ۔ ریلوے حکام نے بروقت ٹرینوں کا انتظام کیا۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ باقی پھنسے ہوئے ورکرس کی منتقلی کیلئے خصوصی ٹرینوں کا انتظام کریں۔ انہوں نے بتایا کہ بہتر انتظامات کیلئے مختلف ریاستوں نے تلنگانہ کی ستائش کی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے ریلویز کو مائیگرنٹ ورکرس کے سفری کرایہ کے طور پر 8.5 کروڑ روپئے ادا کئے ہیں۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ ابھی تک ایک لاکھ ایک ہزار 146 مسافرین کو 74 خصوصی ٹرینوں کے ذریعہ روانہ کیا گیا۔ بہار کو 26 ، اترپردیش 14 ، چھتیس گڑھ 2 ، اڈیشہ 4 ، مدھیہ پردیش 7 ، جھارکھنڈ 11 ، راجستھان 5 ، شمال مشرقی ریاستیں 2 اور اتراکھنڈ ، مغربی بنگال ، جموں و کشمیر اور پنجاب کو ایک ایک ٹرین روانہ کی گئی ۔ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی ، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل جتیندر ، کمشنران پولیس انجنی کمار ، مہیش بھاگوت ، سجنار کے علاوہ سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ ، جنرل مینجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے گجانند مالیا، سکریٹری فینانس رونالڈ روس ، سکریٹری سوشیل ویلفیر راہول بوجا کے علاوہ میڑچل اور رنگا ریڈی کے کلکٹرس وی وینکٹیشورلو اور اجئے کمار نے شرکت کی ۔
