تلنگانہ سے مائیگرنٹ ورکرس کی واپسی کیلئے انتظامات

,

   

نوڈل اتھارٹی کی تشکیل، اسکریننگ کے بعد سفر جاری رکھنے کی اجازت: سومیش کمار

حیدرآباد۔/29 اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ کے چیف سکریٹری سومیش کمار نے کہا ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ نے لاک ڈاؤن کے سبب مختلف ریاستوں میں پھنسے ہوئے مائیگرنٹ مزدوروں کو اُن کی متعلقہ ریاستوں کو واپسی کے انتظامات کیلئے احکام جاری کئے ہیں۔ چیف سکریٹری نے چہارشنبہ کو متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ بی آر کے آر بھون پر ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے اس مسئلہ کا جائزہ لیا جارہا ہے اور مہاجر مزدوروں کی واپسی کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے آئی اے ایس آفیسر سندیپ کمار سلطانیہ کو نوڈل اتھارٹی کے طور پر نامزد کیا گیا ہے جنہیں مختلف افسران پر مشتمل ٹیم کی اعانت حاصل رہے گی۔ پھنسے ہوئے مزدوروں کی واپسی کے انتظامات کیلئے ایک پروٹوکول بنایا گیا ہے۔ چیف سکریٹری نے مطلع کیا کہ تلنگانہ میں پھنسے ہوئے افراد کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے تمام متعلقہ ریاستوں کے چیف سکریٹریز کو مکتوب روانہ کئے گئے ہیں۔ متعلقہ ریاستوں کے چیف سکریٹریز سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے اُن افراد کی بحفاظت واپسی کیلئے ٹرانسپورٹ کا انتظام کریں جو ( افراد ) تلنگانہ میں پھنسے ہوئے ہیں۔ تلنگانہ میں پھنسے ہوئے دیگر ریاستوں کے افراد ٹرانسپورٹ انتظامات کیلئے اپنی متعلقہ ریاستوں سے رابطہ میں رہیں۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ یہاں پھنسے ہوئے تمام افراد کو ان کی متعلقہ ریاستوں کو جانے کی اجازت دے گی۔ سومیش کمار کی طرف سے طلب کردہ اس اجلاس میں پرنسپال سکریٹری ( نظم و نسق عامہ ) وکاس راج، پرنسپال سکریٹری ( ٹرانسپورٹ، عمارات و شوارع ) سنیل شرما، ایڈیشنل ڈی جی ( ضبط و قانون ) جتیندر، سکریٹری ( پنچایت راج و دیہی ترقیات ) سندیپ کمار سلطانیہ، سکریٹری ( ایس سی ڈی ) راہول بوجا ، سکریٹری ( فینانس ) رونالڈ راس، ڈائرکٹر ( سی سی ایل اے ) رجت کمار سائنی نے شرکت کی۔